ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے، ٹیکس نیٹ بڑھ جائے تو ٹیکس ریٹ کو کم کرنا ممکن ہو سکے گا،ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا

جمعہ 20 مئی 2016 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) پنجاب کی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے، ٹیکس نیٹ بڑھ جائے تو ٹیکس ریٹ کو کم کرنا ممکن ہو سکے گا، عوام کو صرف نعروں سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لئے عوام کے لئے فلاح وبہبود کے منصوبوں پر عملاً کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان بزنس کونسل میں بجٹ تجاویز 2016-17ء کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین عاطف باجوہ، سی ای او احسن ملک اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی سمیت دیگر معروف کمپنیوں کے اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔ پنجاب کی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس منیجمنٹ سسٹم کو آسان اور مزید بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے ہیں جس کے لئے فنڈز ٹیکس کی وصولی سے ہی ممکن ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو خالی نعروں سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا اس کے لئے عملی کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم اس پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں اور مستقبل کے لئے کی جانے والے منصوبندی سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تجارت کے فروغ اور صنعت کے پہیہ کو تیز کرنے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کے ساتھ تاجر برادری کے ٹیکس اور دیگر مسائل کو حل کرنے پر توجہ دے رہی تاکہ ملک کی معیشت مستحکم ہونے کے ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب تاجر برادری کی طرف سے پیش کی جانے والی بجٹ تجاویز کو ٹیکنکل کمیٹی کے سامنے رکھے گی تاکہ کوئی موثر نتیجہ نکل سکے، حکومت مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے کہ وہ بھی مختلف منصوبوں بشمول توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

وزیر خزانہ پنجاب نے پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ ہونے والے اجلاس کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے اور مزید اصلاحات لانے کے لئے بزنس کمیونٹی کا تعاون اور اشتراک ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم مزید ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میعشت کی بہتری کے لئے دی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔