تاجررمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے تقدس میں رضاکارانہ طور پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اعتدال پر رکھیں،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ

ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت پید ا کرنے سے گریز کریں،اجلاس سے خطاب

جمعہ 20 مئی 2016 20:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مئی۔2016ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ نے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے تقدس میں رضاکارانہ طور پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اعتدال پر رکھیں اور ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت پید ا کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ خلاف ورزی کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔

یہ انتباہ انہوں نے ضلعی پرائس ریویو کمیٹی کے ایک اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمد عمیر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز خالق داد وزیر ،اقرار علی شاہ، نثار حسین، ڈی ایس پی عبدالرشید، اے ایف سی گلاب خان، تحصیل ناظم کوہاٹ ملک تیمور ،سابق ایم این اے جاوید ابراہیم پراچہ، منظور پراچہ شیر خان بنگش، عابد پراچہ اور مختلف تاجر یونین کے صدور اور نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں طویل گرما گرم بحث کے بعد رمضان پیکج کے تحت مندرجہ ذیل روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ان اشیاء میں چاول سیلہ کائنات نمبر1(90)روپے کلو، چاول سیلہ کرنل نمبر1(75)روپے،چاول باسمتی نمبر1(100)روپے،چاول باسمتی ٹوٹا 60روپے، چاول ایری نمبر6(40)روپے،چاول جوشی38روپے،کینیا چائے نمبر1(540)روپے، دودھ فی لیٹر80روپے،دہی فی کلو85روپے، دودھ پتی چائے فی کپ 20روپے،چائے سادہ فی کپ 10روپے،تندوری روٹی (160)گرام 10روپے،چپلی کباب 280روپے، سیخ کباب 110روپے،چھوٹا گوشت)بکرا) 650روپے،(بکری)550روپے،موٹا گوشت 280روپے،مچھلی تازہ 200روپے، مچھلی روسٹ 230روپے،مٹھائی سپیشل میکس 245روپے،مٹھائی سادہ140روپے،ڈبل روٹی سادہ(700)گرام65روپے، ڈبل روٹی ( 800)گرام 70روپے،سموسہ فی عدد 10روپے اور پکوڑہ 180فی کلو شامل ہیں۔

اجلاس میں پرائس مجسٹریٹوں کو روزمرہ کی بنیاد پر مختلف بازاروں پر چھاپے لگانے، تمام دکانداروں کو نمایاں مقامات پر نرخ نامے آویزاں کرنے اور پرائس مجسٹریٹ کو حفظا ن صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش بیچنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے صارفین پر زور دیا کہ وہ بازار میں لائیوسٹاک ڈاکٹر کے تصدیق کے بغیر گوشت ہر گز نہ خریدیں اور سٹیمپ کے بغیر گوشت کی فروخت سے متعلق فوری طور پر علاقہ مجسٹریٹ کو مطلع کریں تاکہ اس کا بروقت تدارک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری مذبحہ خانے میں تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے 20لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔اجلاس میں عمائدین شہر نے رمضان المبار ک کے دوران عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے پرانا جیل کے مقام پر سستا بازار لگانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :