ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے ہفتہ ،اتوار کے روز خصوصی کریک ڈاؤن ہوگا

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 20 مئی 2016 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 20 مئی۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہوطیب حفیظ چیمہ نے کہاکہ نوجوان نسل کو بچانے اور شہرسے ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر ہفتہ اور اتوار کے روز اضافی 14 پٹرولنگ آفیسرز تعینات کر دیئے گئے ہیں جو 250-CC موٹر سائیکلوں پر گشت کرتے ہوئے ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کریں گے،سٹی ٹریفک پولیس نے ابتک 1646ون ویلرز کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرائے ہیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ ون ویلنگ جان لیوا کھیل ہے، سٹی ٹریفک پولیس اس خطرناک کھیل سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران ون ویلروں کے گھروں میں نوٹسزبھی بھجوائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ معمول کے مطابق ڈی ایس پی کی نگرانی میں 60 سے زائد ٹریفک وارڈنز سادہ کپڑوں میں جدیدویڈیو کیمروں کے ہمراہ شہر کی اہم شاہراہوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

ون ویلنگ کیخلاف انسدادی کارروائی میں شامل وارڈنز کوبھی کیمرے دیئے گئے ہیں تاکہ ویلرز کیخلاف ٹھوس قانونی چارہ جوئی کے ساتھ ساتھ اُنکی مذموم حرکات اُنکے والدین کو دیکھائی جا سکیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ ون ویلنگ کیخلاف شہر بھر میں آگاہی مہم بھی جاری ہے اُس کے خاتمے کیلئے ہمیں سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ فکر کے لوگ خصوصاََ والدین اور طلباء ون ویلنگ کیخلاف جہاد میں اپنا کردار اداکریں تاکہ ون ویلنگ کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ ا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :