موبائل ہیلتھ یونٹس دور دراز علاقوں کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ بن گئے

جنوبی پنجاب کے عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 2010 میں شروع ہونیو الے منصوبہ سے 18 لاکھ مریضوں کاعلاج معالجہ کیا گیا

جمعہ 20 مئی 2016 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء ) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے عوام کو انکی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعارف کرائے گئے موبائل ہیلتھ یونٹس جنوبی پنجاب کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ بن گئے ہیں اور ان یونٹس نے اب تک 18 لاکھ 17 ہزار884 مریضوں کا علاج معالجہ کیا اور 562663 لیبارٹری ٹیسٹ کئے۔

یہ بات مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کو موبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی بارے بریفنگ اجلاس میں بتائی گئی ۔اس موقع پر موبائل ہیلتھ یونٹس پراجیکٹ چلانے والی فرم میڈی ارج کے ایم ڈی منظور احمد چوہدری،شمشاد قریشی اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مظفر گڑھ،راجن پور،میانوالی،ڈیرہ غازی خان،بہاولپور اور بہاولنگر کے اضلاع کے عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے یہ پراجیکٹ شروع کیا گیا تھا۔

مذکورہ MHUs کے ذریعے گزشتہ پانچ سال کے دوران عوام کو بلاتعطل طبی خدمات فراہم کی گئیں۔علاو ہ ازیں وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ان موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے خیبرپختونخوا میں بنوں کے IDPs،سوات کے زلزلہ زدگان کو بھی ہنگامی بنیادوں پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں اور حالیہ دنوں میں راجن پور میں کچے کے علاقے میں پولیس آپریشن کے دوران اور لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے والے افراد کو طبی امداد فراہم میں بھی حصہ لیا۔

مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر بتایا کہ 6 موبائل ہیلتھ یونٹس کے کامیاب تجربہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت مزید اضلاع کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس خرید رہی ہے جس کے لئے 27 مئی کو پری کوالیفائیڈ فرموں کی جانب سے موصول ہونے والی پیش کشوں کی بڈز کھولی جائیں گی۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ محکمہ صحت چھوٹے موبائل ہیلتھ لو کوسٹ یونٹس خریدنے کی بھی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :