اپوزیشن جماعتوں کی آئندہ بجٹ کے حوالے سے کوئی تیاری نہیں ،حزب اختلاف کو چاہیے تھا کہ بجٹ کو عوامی اور فلاحی بنانے کیلئے تجاویز دیتیں ،سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے ذریعے مسائل حل کریں، سڑکوں پر احتجاج سے بدامنی اورملک کونقصان ہو گا،امید ہے آئی ایم ایف سے اسی سال نجات مل جائے گی ، ترقی کے سفر کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، ٹیکس محاصل ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نعیم میر کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 20 مئی 2016 18:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مئی۔2016ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نعیم میر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آئندہ بجٹ کے حوالے سے کوئی تیاری نہیں ،اپوزیشن کو چاہیے تھا کہ بجٹ کو عوامی اور فلاحی بنانے کیلئے تجاویز دیتی، بہتر ہوتا کہ اپوزیشن جماعتیں تاجر برادری سے بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کرتیں، سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعے مسائل حل کریں، سڑکوں پر احتجاج سے بدامنی اورملک کونقصان ہو گا،امید ہے کہ آئی ایم ایف سے اسی سال نجات مل جائے گی، ملک درست سمت میں گامزن ہو گیا ، ترقی کے سفر کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، ٹیکس محاصل ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ،صنعتی ترقی کا پہیہ چلنے سے بے روزگاری میں کمی ہوئی۔

وہ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نعیم میر نے کہا کہ ترقی کے سفر کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، ٹیکس محاصل ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں، افراط زر میں کمی ہوئی، آئی ایم ایف سے اسی سال نجات کی توقع ہے، ملک درست سمت میں گامزن ہو گیا ہے، اقتصادی راہداری پاکستان چین دوستی کا عظیم شاہکار ہے، پہلی مرتبہ صنعتی زونز کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، صنعتی ترقی کا پہیہ چلنے سے بے روزگاری میں کمی ہوئی ہے، ماضی میں بھی احتجاج کی وجہ سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، کنٹینر احتجاج کی وجہ سے بڑے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی ہے، احتجاج کے ذریعے ایک بار پھر کنٹینر کی سیاست دہرائی جا رہی ہے، احتجاج کرنے والے پارلیمنٹ میں جا کر اپنے مسئلے اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے ان لوگوں کو بھی ذہن میں رکھیں جنہوں نے انہیں ووٹ دیئے، بہتر ہوتا کہ اپوزیشن جماعتیں تاجر برادری سے بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کرتیں، اپوزیشن جماعتوں کی آئندہ بجٹ کے حوالے سے کوئی تیاری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے تھا کہ بجٹ کو عوامی اور فلاحی بنانے کیلئے تجاویز دیتی، آج فیصل آباد کے جلسے میں ایک مرتبہ پھر الزام تراشیاں ہوں گی اور ترانے بجائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کی بجائے بہتر ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کے فورم سے رجوع کریں، ذاتی اور سیاسی مفاد کو ترجیح دینے سے صرف ملک کا نقصان ہو گا۔آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نعیم میر نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعے مسائل حل کریں، سڑکوں پر احتجاج سے بدامنی ہو گی، ملک کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 20لاکھ سے زائد تاجر ٹیکس دائرہ کار سے باہر ہیں، جذبہ حب الوطنی اجاگر کر کے اتنی بڑی تعداد کو ٹیکس دائرہ کار میں لایا جا سکتا ہے، احتجاج میں کسی سیاسی جماعت کا ساتھ نہیں دیں گے، آئندہ بجٹ کے حوالے سے حکومت کو تجاویز دی ہیں، معاشی ترقی کیلئے بنیادی ضرورت امن اور سیاسی استحکام ہے۔