کرپٹ حکمران، سیاستدان اور بیوروکریٹس خوشحال پاکستان کی ضمانت نہیں بن سکتے، عتیق میر

عوام ،تاجروں نے آج کرپشن کیخلاف آواز نہ اٹھائی تو مستقبل میں نسلیں بھی ظلم، زیادتی ،ناانصافی کے نظام سے نجات نہیں پاسکیں گی، چیئرمین کراچی تاجر اتحاد

جمعہ 20 مئی 2016 18:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمران، سیاستدان اور بیوروکریٹس خوشحال پاکستان کی ضمانت نہیں بن سکتے، عوام اور تاجروں نے آج کرپشن کے خلاف آواز نہ اٹھائی تو مستقبل میں ان کی نسلیں بھی ظلم، ذیادتی اور ناانصافی کے نظام سے نجات نہیں پاسکیں گی، عوام سے وصول کیئے گئے ٹیکس ملک کی تعمیر و ترقی کے بجائے کرپشن کی نذر ہورہے ہیں، جعلی اور کرپٹ جمہوریت کا عفریت ملک اور عوام کی خوشحالی کو نگل رہا ہے، حکمران اور اپوزیشن سب واجب الاحتساب ہیں،چور چور کا محاسبہ نہیں کرسکتا، اپوزیشن کے بجائے فوج TOR'sبنائے اور فوج ہی احتساب کرے، وہ آج کلفٹن تین تلوار پر ملک میں پانامہ لیکس کے بڑھتے ہوئے سیاسی بحران، تجارت پر اسکے تباہ کُن اثرات اور ملک گیر بدعنوانی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے جس میں سینکڑوں تاجروں کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے جن میں وومن پیس کمیٹی کی چیئر پرسن نرگس رحمانی ، کرپشن فری پاکستان کی سرپرست اعلیٰ قدسیہ قادری ، شرمین عثمانی و دیگر شامل تھے مظاہرین نے پلے کارڈز لہرا کر کرپشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ملک میں ہر سطح پر پھیلی ہوئی بدعنوانی کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ قومی خزانہ لوٹنے والے چوروں اور لٹیروں کا بلا تاخیر احتساب کیا جائے اور انھیں انصاف کے کٹہرے میں لاکر قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے، فوج کی نگرانی میں تجارت سے سیاست تک ہر سطح پر سخت احتساب کا سلسلہ شروع کیا جائے، ملکی خزانے اور وسائل کا مستقبل سیاسی چوروں سے محفوظ بنایا جائے، جمہوریت کا مسخ اور پرفریب چہرہ درست اور حقیقی شکل میں متعارف کروایا جائے اور خصوصاً حکمرانوں، سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کیلئے کرپشن کو خوف کی علامت بنادیا جائے، تاجروں نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدمِ استحکام، انتشار اور کرپشن کی موجودگی میں معاشی ترقی اور ملکی خوشحالی کے خواب کی تعبیر ممکن نہیں ہے، مظاہرے میں شریک تاجر نمائیندگان اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، سید شرافت علی، دلشاد بخاری، الطاف لالہ، امان اﷲ شاہ، شاکر فینسی ،محمد آصف، شیخ عالم، احمد شمسی، سمیع اﷲ خان، سید کلیم الدین،عبدالقادر، عرفان ﷲ، سید حکیم شاہ، محمد عارف،سید سعید، ملک اسلم جاوید اور دیگرنے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ملک کی سلامتی اور بقاء کی آخری امید قرار دیتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف بلا تخصیص ، بلا تفریق اور بے رحم احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اور سیاستدان قومی خزانے اور وسائل کی چوری میں شریک ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف شور بھی مچارہے ہیں جس سے چوری اور سینہ زوری کی روایت قائم ہورہی ہے، مظاہرین نے کہا کہ قومی سطح پر کرپشن کے باعث زندگی کٹھن اور کاروبار دشوار ہوگیا ہے،حکمرانوں کے ہاتھوں ملکی دولت کی لُوٹ مار کے مسلسل واقعات کے سبب تاجر اور عوام ٹیکسوں سے متنفر ہورہے ہیں، حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد اور نفرت بڑھ رہی ہے، قومی اسمبلی کے ارکان ، سرمایہ داروں، جاگیر داروں اور اجارہ داروں کو حاصل سہولتیں، مراعات اور ان کی ٹیکس چوری کے معاملات منظرِعام پر آنے سے تاجروں میں ٹیکس ادائیگی کا جذبہ ختم ہورہا ہے، تاجروں نے ملک میں موجودہ غیریقینی صورتحال کو صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے انتہائی مہلک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا فوری سدّباب اور معیشت کیلئے موافق حالات پیدا کیئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :