وزیر اعلیٰ سندھ انسپکشن ٹیم کے کوآرڈی نیٹر مظفر شجرہ کا سول ہسپتال میر خاص کا دورہ ،ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری

جمعہ 20 مئی 2016 18:23

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) سول ہسپتال میرپورخاص میں ڈاکٹروں کی جانب سے مریضوں کو باہر سے ادویات منگوانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے انسپیکشن اینڈ انکوائریز ٹیم کے کوآرڈینیٹر مظفر شجر نے سول ہسپتال میرپورخاص میں اچانک چھاپا مارکر ڈاکٹروں کا شوکاز نوٹس اور انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے ٹیم کے ڈائریکٹر غلام مصطفی منگن ،ڈپٹی ڈائریکٹر نوراحمد جلبانی اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ کے ہمراہ سول ہسپتال میرپورخاص کے کارڈیالوجی وارڈ،چلڈرن وارڈ،سرجیکل وارڈ،گائنی وارڈ،بلڈ بنک اور مختلف وارڈوں کا تفصیلی دورہ کیا اورمریضوں سے ادویات اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے متعلق معلومات لیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریضوں نے سول ہسپتال میں کچھ ادویات نہ ملنے اور ڈاکٹروں کی عدم دلچسپی اور بہتر علاج نہ کرنے کی شکایات کیں جس پر کوآرڈینیٹر نے سول سرجن کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کا بہتر علاج اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے انسپکشن ٹیم کے کوآرڈینیٹر مظفر شجراع نے کہا کہ حکومت سندھ لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فر اہمی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے مگر اس سلسلے میں سول سوسائٹی اور میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میرپورخاص میں ڈاکٹروں کی کمی کو جلد پورا کرنے کیلئے سندھ حکومت کو سفارش کی جائیگی ۔ انہوں نے سول ہسپتال میرپورخاص میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے سول سرجن کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں بہتر صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بھی بہتر کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :