Live Updates

گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیساتھ پانی کے بحران نے بھی سر اٹھا لیا ‘ مسرت چیمہ

(ن) کی حکومت اپنے وعدے کے مطابق چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کرنے پر قوم سے معافی مانگنے ‘ رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 20 مئی 2016 18:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیساتھ پانی کے بحران نے بھی سر اٹھا لیا ہے ،(ن) لیگ کے دور حکومت میں شاید ہی ایسا کوئی طبقہ ہوگا جسے اپنے مطالبات کیلئے سڑکوں پر نہ آنا پڑا ہو ۔ اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ حکمران روزانہ ہزاروں میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کی دعوے کرتے ہیں لیکن لوڈ شیڈنگ پہلے سے بھی بڑھ گئی ہے ۔

حکمران عملی اقدامات کی بجائے صرف اشتہارات میں بجلی بنا رہے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو اپنے وعدے کے مطابق چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کرنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ گھریلو انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں پانی کا بحران بھی شدید ہو گیا ہے لیکن حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔

مسرت چیمہ نے مزید کہا کہ حکومت گیارہ سال تک صحت کے شعبے میں فرائض سر انجام دینے والے پنجاب رورل سپورٹ پروگرام کے ملازمین کو بیروزگار کرنے کی بجائے انہیں مستقل کرے اور ان کیلئے سروس سٹرکچر بنا کر ان گیارہ سالوں کو اس میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ ختم نہیں ہوا بلکہ قوم اسے منطقی انجام تک پہنچائے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات