کمیشن کا پانچواں اجلاس رواں سال اسلام آباد میں ہوگا،پاکستان اور جنوبی افریقہ کا اتفاق

بین الاقوامی تعلقات کے سیکشن اور تعاون ،پریٹوریا کے زیر اہتمام ایک اجلاس ، ویزا پالیسی میں نرمی کرنے پر گفتگو

جمعہ 20 مئی 2016 17:25

لاہور((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مئی۔2016ء) )پاکستانی ہائی کمشنر انجم الثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے دو طرفہ تعلقات ایک مستحکم رفتار سے بڑھ رہے ہیں، ۔گزشتہ روز بین الاقوامی تعلقات کے سیکشن اور تعاون ،پریٹوریا کے زیر اہتمام ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے مابین سیاسی ،سفارتی ، اقتصادی ، تجارتی اور دفاعی شعبوں بارے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووٴں کا جائز ہ لیا گیا ۔

اجلاس کے دوران خاص طور پر جنوبی افریقہ میں رہنے والے ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔اجلاس میں جنوبی افریقہ کی جانب سے میڈم اینڈریاKuhn چیف ڈائریکٹر ایشیا اینڈ Oceania نے سربراہی کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت ہائی کمشنر نجم الثاقب نے کی۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے نمائندوں کے مابین ہونے والے اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پاکستان جنوبی افریقہ مشترکہ کمیشن کا پانچواں اجلاس رواں سال اسلام آباد میں ہوگا۔

جس میں وزیر مملکت ، نائب وزیر خارجہ کے عہدوں کے اعلی حکام شرکت کریں گے، اس موقع پر پریٹوریا میں 2014 نومبر کو ہونے والے چوتھے پاکستان جنوبی افریقہ مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی حیثیت بارے بھی بات چیت ہوئی ۔گزشتہ روز ہونے والے دونوں ممالک کی جانب سے ماضی میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا، جس پر دنوں ممالک کی جانب سے تمام شعبوں میں دو طرفہ تفلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ،دونوں ممالک کی جانب سرمایہ کاری میں اضافے کے علاوہ دونوں فریقوں کی کان کنی ، توانائی ، نقل ہ حمل اور قونصلر مسائل جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے اتفاق کیا گیا ۔

اجلاس کے دوران دونوں فریقین نے سیاسی ، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے بار بار اور باقاعدگی سے رابطوں کی ضرورت پر زور دیا ۔جنوبی افریقہ براعظم میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔اجلاس کے دوران دفاعی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلی سطحی رابطوں بارے بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقعہ پر مستقبل میں زراعت ، صحت ،تعلیم کے حوالے سے اہم تجاویز بھی پیش کی گئیں۔اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں کی جانب سے پاکستان ،جنوبی افریقہ پانچویں مشترکہ کمیشن کے انعقاد سے پہلے مفاہمت کی یاداشتوں اور خاص طور پر سیکورٹی سے متعلق معاملات پر معاہدو ں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا ۔