دشمن قوتیں پانامہ لیکس کی آڑمیں ملک کوعدم استحکام کا شکارکرناچاہتی ہیں،پیر سید عمران

جمعہ 20 مئی 2016 17:09

چیچہ وطنی ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما وممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہاہے کہ ترقی کی دشمن قوتیں پانامہ لیکس کی آڑ میں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں تاکہ یہ ملک ترقی نہ کر سکے اوریہاں کے عوام جدید زندگی کے ثمرات سے مستفیدنہ ہو سکیں ۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے پانامہ لیکس میں اپنا نام نہ ہونے کے باوجود اپنے آپ کو کھلے احتساب کیلئے پیش کیا ہے لیکن اپوزیشن کا واحد مقصد جمہوریت کو نقصان پہنچانا ہے ۔

اپنی رہائش گاہ پر اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح دی ہے اور ملکی وسائل کا رخ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے کردیاہے لیکن جمہوریت دشمن عناصر مختلف سکینڈلز کی آڑ میں حکومت کو غیر مستحکم کرکے اپنے آقاؤں کو خوش کر سکیں اور ملک کو ترقی کی راہ سے اتار سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف نے مکمل فراخدلی کے ساتھ اپوزیشن کو جامع تحقیقات کی پیشکش کی ہے تاکہ ملک سے ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہو اور الزام تراشی کی سیاست اپنی موت آپ مر سکے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام سیاسی طور پر اتنے باشعور ہو چکے ہیں کہ وہ غیر ملکی طاقتوں کے آلہ کاروں کی سازشوں کوکبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔انہوں نے کہاکہ بعض سیاسی جماعتیں اس بات کی قائل ہو چکی ہیں کہ 2018ء کے انتخابات میں بھی میاں نوازشریف کو شکست دینا ممکن نہیں اسی لئے وہ سازشوں کا سہارالیکر اس نظام کو تہہ وبالا کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ کے ورکرز اپنی قیادت کی رہنمائی میں متحد ہیں اور ایسی سازشوں کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

متعلقہ عنوان :