پنجاب حکومت تعلیم اورصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل کا زیادہ تر حصہ پسماندہ علاقوں پر خرچ کررہی ہے،کمشنر بابر حیات تارڑ

جمعہ 20 مئی 2016 17:09

چیچہ وطنی ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہاہے کہ پنجاب حکومت تعلیم اورصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے دو ر دراز علاقوں کو ترجیح دے رہی ہے اور وسائل کا زیادہ تر حصہ پسماندہ علاقوں پر خرچ کیاجارہاہے۔ وزیراعلیٰ روڈ میپ پروگرام کے تحت ان دونوں شعبوں میں اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور سرکاری سکولوں میں اساتذہ اوربنیادی مراکز صحت پر ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔

وہ یہاں اپنے دفترمیں محکمہ صحت اور تعلیم میں بہتری کے سلسلہ میں وزیراعلیٰ روڈ میپ پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے تھے جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس کے علاوہ تینوں اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ اورایجوکیشن اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے عملے کی بنیادی مراکز صحت پر دستیابی میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ہسپتالوں اور مراکز صحت پر حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں فوری دستیاب ہو سکیں ۔

انہوں نے ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ ادویات کی خریداری کے عمل کو سہل بنایاجائے تاکہ ہیلتھ مراکز پر ادویات کی قلت نہ ہو سکے ۔کمشنر بابر حیات تارڑ نے ضلع اوکاڑہ اور پاکپتن میں سکولوں کی اچھی ریٹنگ پراطمینان کا اظہار کیا اور ای ڈی او ایجوکیشن ساہیوال کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتربنائیں تاکہ پنجاب بھرمیں ساہیوال ڈویژن نمایاں مقام حاصل کر سکے ۔انہوں نے 2016کی پہلی سہ ماہی میں ایجوکیشن روڈ میپ پروگرام میں ضلع اوکاڑہ کی پورے پنجاب میں پہلی پوزیشن آنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ای ڈی او ایجوکیشن ناہید واصف کی کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :