کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے،ڈائریکٹر کاٹن ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد

جمعہ 20 مئی 2016 17:09

فیصل آباد ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) کپاس کو پاکستان کی معیشت میں اہم حیثیت حاصل ہے ۔ کپاس کا قومی جی ڈی پی میں 1.5فیصد اور معیاری زرعی مصنوعات کی تیاری میں 7فیصد حصہ ہے کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے اور کپاس کی مجموعی پیداوار کا 74 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے صوبہ پنجاب میں اس سال 6.1ملین ایکڑ کپاس کے زیر کاشت رقبہ سے 10.5ملین گانٹھ پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر صغیر احمدڈائریکٹر کاٹن ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے فارمرز ڈے کے موقع پر کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی محکمہ موسمیات نے موسم گرما میں زیادہ بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے ۔

(جاری ہے)

کاشتکا ربدلتے ہوئے موسمی حالات اور زیادہ بارشوں کی صورت میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر نشر ہونے والی موسمی پیشین گوئی کو مدنظر رکھ کر بوائی اور ابتدائی مرحلہ پر دیکھ بھال کے متعلق مختلف کاشتی امور بروقت سرانجام دیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی بی ٹی اقسام کی پیداواری ٹیکنالوجی نان بی ٹی اقسام سے مختلف ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ کاشتکار بی ٹی اقسام کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو ممکن بنائیں۔

متعلقہ عنوان :