معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 11 ویں برسی 24مئی کو منائی جائیگی

جمعہ 20 مئی 2016 14:10

معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 11 ویں برسی 24مئی کو منائی جائیگی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) پاکستانی فلمی صنعت کے معروف مزاحیہ اداکار رنگیلا کی 11 ویں برسی 24مئی بروز منگل کو منائی جائے گی ۔رنگیلا یکم جنوری 1937 ء کو افغانستان میں پیدا ہوئے ، ان کا اصل نام محمد سعید خان تھا۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1958 ء میں فلم ”جٹی “سے کیا جس میں انہوں نے اپنی مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے ۔

1969 ء میں ریلیز ہونے والی فلم دیا اور طوفان میں بہترین مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور رائٹر، گلو کار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کے طور پر عوام کے سامنے آئے اور اپنی قابلیت منوائی۔رنگیلا پروڈکشن کے بینر تلے انہوں نے متعدد فلمیں بنائیں، ان کی مشہور فلموں میں رنگیلا، دل اور دنیا، کبڑا عاشق، عورت راج، پردے میں رہنے دو، ایماندار، بے ایمان، انسان اور گدھا اوردو رنگیلے سمیت دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پردہ سکرین پر رنگیلا اور منور ظریف کی آمد فلم بینوں میں ارتعاش پیدا کر دیتی تھی۔ انہوں نے اپنے دور کی تمام ہیروئینوں کے مد مقابل مرکزی کردار ادا کئے ، اس کے علاوہ انہوں نے بہترین اداکاری اور دیگر شعبوں میں شاندار کارکردگی پر 9مرتبہ نگار ایوارڈ بھی اپنے نام کیے ۔1991ء میں بیماری کے باعث انہوں نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی مگر بعدمیں انہوں نے اسٹیج ڈراموں میں کام کرنا شروع کردیاتھا تاہم وہ 24مئی 2005 ء کو انتقال کرگئے تھے ۔