پشاور : سفید سنگ روڈ پرخودکش جیکٹ پھٹنے سے 3 خود کش بمبار ہلاک

جمعہ 20 مئی 2016 11:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 مئی۔2016ء) پشاور بڑی تباہی سے بچ گیا۔ خیبر ایجنسی سے شہر کی حدود میں داخل ہونے والے 3 خودکش جیکٹوں سے لیس مسلح حملہ آور بارودی جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔ ایک جیکٹ ناکارہ بنادی گئی۔ پشاور پولیس کی کامیاب کارروائی نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا کر شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ پولیس کا کہنا ہے موٹر سائیکل پر سوار تین خودکش بمبار خیبر ایجنسی سے شگئی کے راستے پشاور میں داخل ہوئے۔

دہشتگرد کافور ڈھیری کے قریب پہنچے اسی دوران ایک خودکش حملہ آور کی جیکٹ دھماکے سے پھٹ گئی جس سے تینوں دہشتگردوں کے پرخچے اڑ گئے۔ ایس پی کینٹ کاشف ذوالفقار کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے دو شکل اور حلیے سے غیر ملکی معلوم ہوتے ہیں جبکہ ایک مقامی لگتا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے تینوں افراد خودکش جیکٹس ، خود کار اسلحے اور دستی بموں سے لیس تھے اور وہ دہشتگرد کس مقام کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ابھی اس کا تعین کیا جانا باقی ہے۔

جائے وقوعہ سے کچھ ہی فاصلے پر ورسک روڈ واقع ہے جہاں درجنوں تعلیمی ادارے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 9 دستی بم اور کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی۔ دہشت گردوں کی لاشوں کے اعضاء کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کینٹ کاشف ذوالفقار کا کہنا تھا کہ دو موٹر سائیکل سوار، خودکش حملہ آور کو پشاور میں ہدف کی طرف لے جارہے تھے کہ اس دوران خودکش جیکٹ پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں تینوں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :