مصری پروازMS804کا ملبہ نہیں مل سکا

یونان کے جزیرے کے قریب جو ملبہ ملا ہے وہ مصری ایئر لائن کے طیارے کا نہیں:یونانی تفتیش کار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 20 مئی 2016 09:16

مصری پروازMS804کا ملبہ نہیں مل سکا

قاہرہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مئی۔2016ء) پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے یونان کے جزیرے کیرپاتھوس کے قریب مصری فضائی کمپنی کے لاپتہ طیارے کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ابھی تک جہاز کا ملبہ نہیں ملا۔دوسری جانب مصری، یونانی، فرانسیسی اور برطانوی فوجی یونان کے جزیرے کیرپاتھوس کے قریب جہاز کا ملبہ تلاش کرنے کی کوششوں میں ہیں۔

جہاز میں 15 فرانسیسی، 30 مصری، دو عراقی، جبکہ برطانیہ، بیلجیئم ، پرتگال، چاڈ، سوڈان، الجزائر ، کینیڈا، کویت اور سعودی عرب کا ایک ایک باشندہ سفر کر رہا تھا۔مصری ایئر بس 320 نے قاہرہ ایئر پورٹ پر 20 منٹ میں لینڈ کرنا تھا جب یہ جہاز لاپتہ ہو گیا۔اس سے قبل مصر کی شہری ہوا بازی کے حکام کا کہنا تھا کہ کیرپاتھوس کے قریب مصری فضائی کمپنی کے لاپتہ طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم یونان کے ہوائی بازی کے حادثات کے چیف تفتیش کار کا کہنا ہے کہ یونان کے جزیرے کے قریب جو ملبہ ملا ہے وہ مصری ایئر لائن کی ایئر بس 320 کا نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کیرپاتھوس کے قریب ملنے والی لائف جیکٹس جہاز کی نہیں ہیں۔مصری حکام نے پہلے کہا تھا کہ جہاز کا ملبہ مل گیا ہے لیکن یونانی حکام کے بیان کے بعد انھوں نے اپنا بیان واپس لے لیا۔دوسری جانب مصر کی سول ایوی ایشن کے وزیر نے کہا ہے کہ تکنیکی خرابی سے زیادہ دہشت گردی کا ممکنہ خطرہ ’زیادہ مضبوط ہے۔شریف فتحی کے مطابق مسافر طیارے کا ملبہ ابھی تک نہیں ملا۔اس سے پہلے فرانس کے صدر فرانسواں اولاند نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پیرس اور قاہرہ کے درمیان لاپتہ ہونے والا مصری طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :