وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی کی زیر صدار ت میپکو ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس

ملک میں بجلی کی ریکارڈ پیدوار کی جارہی ہے اور سخت گرمی اورلوڈ میں اضافہ کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6اور8 گھنٹے پر برقرارہے،محمد یونس ڈھاگہ

جمعرات 19 مئی 2016 22:55

ملتان ۔19مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مئی۔2016ء) وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ریکارڈ بجلی کی پیدوار کی جارہی ہے اور سخت گرمی اورلوڈ میں اضافہ کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6اور8 گھنٹے پر برقراررکھاجارہاہے ۔ وزارت پانی وبجلی مسلسل جنریشن ، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کو مانیٹر کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت 16700میگاواٹ بجلی کی ریکارڈ پیداوار جاری ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف کی پاورسیکٹر میں گہری دلچسپی ، مسائل کے حل اور وسائل کے بہتر استعمال کی بدولت ملک میں بجلی کے معاملات میں مسلسل بہتری آرہی ہے ۔انہوں نے یہ بات میپکو ہیڈ کوارٹر میں افسران کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صارفین کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی ہمارا اولین نصب العین ہے ۔

اووربلنگ کے خاتمہ کے لئے بلوں پر ریڈنگ کی تصاویر کی اشاعت کا سلسلہ شروع کیاگیاتھا ، اگلے ماہ تک ہر صورت بلوں پر تصویروں کی درستگی کا معاملہ حل کیاجائے اور 100فیصد درست تصاویر ریکارڈ کی جائیں ۔وفاقی سیکرٹری نے میپکو افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میپکو گزشتہ ڈیڑھ سال سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔افسران اسی طرح محنت جاری رکھیں تاکہ کمپنی کو دئیے گئے ٹارگٹس اسی طرح حاصل ہوتے رہیں ۔

انہوں نے شکایات کا بروقت ازالہ کرنے پر سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل ساہیوال چوہدری محمد صدیق کو شاباش دی جبکہ باقی سرکلوں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ درج ہونے والی شکایات کا ازالہ کم سے کم وقت میں ممکن بنائیں اور اس میں نااہلی برتنے والے ملازمین کے خلاف بلاامتیازمحکمانہ کاروائی کی جائے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اللہ درانی نے وفاقی سیکرٹری کو کمپنی کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ کمپنی نے رواں مالی سال 2015-16ءء کے دوران لائن لاسز کی شرح میں اعشاریہ6فیصد کمی کی ہے۔

جولائی تااپریل 2016ء کے پروگریسو لائن لاسز 13فیصد سے کم ہوکر 12.4فیصد کی سطح پر آگئے ہیں ۔ مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران ریجن کے زیر انتظام 9آپریشن سرکلوں نے بلنگ کی مد میں پرائیویٹ اور سرکاری صارفین سے ایک کھرب 13ارب 43کروڑ10لاکھ روپے وصولی کی ہے جس سے ریکوری کی شرح 101فیصد رہی ہے ۔ ریجن بھر میں ایک لاکھ53ہزار323بجلی چوروں کو 75کروڑ85لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ اس میں سے 51کروڑ89لاکھ روپے کی رقم وصول کرکے محکمہ کے خزانے میں جمع کروائی ہے ۔

نئے آرڈی نینس کے تحت 741صارفین کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں دی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ شہری علاقوں میں 6گھنٹے، دیہی علاقوں میں 8گھنٹے، پاورلومز فیڈرز پر 4گھنٹے اورہائی لاس فیڈرز پر 12گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستشنیٰ قرار دیاگیاہے۔وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی محمد یونس ڈھاگہ نے میپکو کے پراجیکٹ جی آئی ایس میپنگ کو دوسری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لئے مثال قرار دیاہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام کمپنیوں میں اس نظام کو فوری طورپر اپنایاجائے تاکہ ٹیکنیکل اور ڈسٹری بیوشن لائن لاسز کوکم کیاجاسکے ۔

انہوں نے شعبہ پلاننگ میں قائم پراجیکٹ کا دورہ کرتے ہوئے چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ محمد اکرم چوہدری کو جدید ٹیکنالوجی کی مد دسے لائن لاسز کم کرنے پر شاباش دی ۔قبل ازیں انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اللہ درانی، جنرل منیجر کمرشل پیپکو محمد سلیم اور دیگر افسران کے ہمراہ پاورکنٹرول سنٹر، ریجنل شکایات سنٹر اور اے ایم آئی سیل کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں بتایاگیا کہ میپکو نے 20کلوواٹ لوڈ سے زائد لوڈ کے حامل 40ہزار کنکشنز پر اے ایم آر میٹرز لگادئیے ہیں اور مستقبل قریب میں 15کلوواٹ تک جدید اے ایم آر میٹرز لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن محمد نعیم اللہ، جنرل منیجر آپریشن محمد ارشدچوہدری، چیف انجینئرز محموداحمد خان، محمد اکرم چوہدری، سرفرازاحمد خان، سرفرازاحمد ہراج، ملک سعید وینس، ڈائریکٹر فنانس امتیازاحمد جگری اور افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :