Live Updates

نادرا پی ٹی آئی جلسوں میں خواتین سے بد تمیزی کرنیوالے شر پسندوں کی شناخت میں ناکام

شرپسند افراد پی ٹی آئی کے تھے یا لیگی ، فیصلہ نہیں ہو سکا نادرا نے اپنی ناکامی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی

جمعرات 19 مئی 2016 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں میں خواتین سے بد تمیزی کرنے والے شر پسندوں کی شناخت کرنے میں نادرا مکمل طور پر ناکام ہوگیا۔شرپسند افراد پی ٹی آئی کے تھے یا لیگی ، فیصلہ نہیں ہو سکا۔ نادرا نے اپنی ناکامی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسوں میں کچھ شر پسند عناصرنے خواتین کے ساتھ انتہائی بدتمیزی کا مظاہرہ کیا۔

خواتین کے ساتھ افسوسناک واقعہ پیش آنے کے بعد بہت شور مچا اور دونوں سیاسی حریف جماعتوں نے ایک دوسرے پر بھرپور الزام تراشی بھی کی۔ حکومت کی جانب سے ان واقعات کے مقدمات درج کرکے ویڈیو فوٹیج کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کی ذمہ داری نادرا کو سونپی گئی ۔

(جاری ہے)

تاہم نادرا اس اہم ذمہ داری سے عہدہ بر آ ہونے میں ناکام رہا اور اپنی ناکامی کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی۔

نادرا کی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت نہیں کی جاسکتی۔ نادرا کی جانب سے شرپسند عناصر کی پہچان میں ناکامی کے بعد سنجیدہ حلقوں کی جانب سے ادارے کی کارکردگی پر مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں اور بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ اربوں روپے کے فنڈز سے چلنے اور دنیا کے بہترین ڈیٹا بیس ادارہ ہونے کا دعویدار نادرا شرپسندوں کو پہنچاننے میں ناکام کیوں ہوا ہے َ؟ اور کہیں قومی ادارے کا یہ اقدام بد نیتی پر تو مبنی نہیں ہے۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات