شہریوں کا حقوق کیلئے سڑکوں پر آنا حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ‘میاں محمود الر شید

شہباز شریف شو بازیاں چھوڑ کر کسانوں، اساتذہ اور کلرکوں کے جائز مطالبات تسلیم کریں، قائد حزب اختلاف پنجاب

جمعرات 19 مئی 2016 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیراعظم حالات کی سنگینی کا اندازہ لگائیں، مشیروں کی باتوں میں آنے کی بجائے قوم کو انکے سوالوں کا جواب دیں ورنہ ٹائم آور ہو جائیگا، جلد پا نا مہ دھماکے کے نقصانات کے تخمینہ لگانے کا عمل شروع ہو جائیگا، شہباز شریف شو بازیاں چھوڑ کر کسانوں، اساتذہ اور کلرکوں کے جائز مطالبات تسلیم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس اور مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمود الر شید نے فیصل چوک میں منعقدہ پاکستان کسان اتحاد کے احتجاجی دھرنے پر کسانوں سے ملاقات میں انکے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کا اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر آنا حکومت کے گڈ گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف شو بازیاں چھوڑ کر کسانوں، اساتذہ اور کلرکوں کے جائز مطالبات تسلیم کریں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو ایئر کنڈیشنز کمرے سے نکل کر دیکھنا چاہیے کہ کس طرح کسان اپنے مطالبات کیلئے در بدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے جائز مطالبات فوری طور پر منظور کرے۔ میاں محمود الر شید نے کسانوں کو اسمبلی میں ان کے حقوق پر آواز بلند کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ قبل ازیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رانا ثناء اﷲ کی جانب سے کسانوں کے دھرنے کو لعنتی دھرنا کہنے پر حزب اختلاف کے لیڈر میاں محمود الر شیدنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر قانون نے باہر بیٹھے کسانوں کو جس طرح لعنتی کہا ہے وہ قابل مذمت ہے حکومت ان کے مطالبات تسلیم کرے۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیراعظم مشیروں کو چھوڑ کر عوام کی آواز سنیں، لوگ ان سے سوال پوچھتے ہیں، جواب نہ دیا ٹائم آور ہو جائیگا اور بہت جلد پا نامہ دھماکے کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کا باقاعدہ عمل شروع ہو جائیگا۔

متعلقہ عنوان :