ہائیکورٹ نے پلاٹوں کی خوردبرد میں ملوث ملزم کی ایک ہفتے کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی

جمعرات 19 مئی 2016 21:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پلاٹوں کی خوردبرد میں ملوث ملزم کی ایک ہفتے کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ملزم مقبول حیدر کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ قومی احتساب بیورو ( نیب )واپڈا ہاؤسنگ سوسائٹی میں پلاٹوں کی خورد برد کی تحقیقات کر رہا ہے، میرا پلاٹوں کی خورد برد سے کوئی تعلق نہیں لیکن اس کے باوجود نیب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔

درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ نیب کے سامنے پیش ہو کر تمام حقائق سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد ملزم کی ایک ہفتے کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو حکم دیا کہ 25 مئی تک مقبول حیدر کو گرفتار نہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :