لاہور میں کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کا استقبال بھرپورطریقے سے ہو گا ‘ذکراﷲ مجاہد

ہر شعبہ زندگی میں کرپشن کا زہر بری طرح سرایت کر چکا ہے ‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعرات 19 مئی 2016 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے زیرِاہتمام سراج الحق کی قیادت میں کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کا استقبال لاہور ریلوے اسٹیشن پر شایان شان طریقے سے کیا جائے گا۔ا ن خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز ٹرین مارچ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء ضیاء الدین انصاری ، ملک شاہد اسلم سیکرٹری جنرل محمد عمیر خان ، سیکرٹری اطلاعات عبدالعزیزعابد اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کے استقبال کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ خلیق احمد بٹ ہونگے۔ ذکراﷲ مجاہد نے کہا کہ ملک میں اس وقت ہر شعبہ ز ندگی میں کرپشن کا زہر بری طرح سرایت کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ کئی سالوں میں اوپر سے شروع ہونے والی بدترین کرپشن نے نیچے تک اپنے پنجے گاڑ دیئے ہیں۔ اس بدترین کرپشن نے ملک کے اہم ترین اداروں بشمول اسٹیل مل ، پی آئی اے ، واپڈا ، ریلوے ، پی ٹی سی ایل ، ٹریڈنگ کارپوریشن کو تباہ وبرباد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے سامنے اس کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کا کوئی ہدف نہیں ہے۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری معاہدوں اور کنٹریکٹس کی تفصیل ، اورنج لائن ٹرین کا معاہدہ ، انٹرنیٹ پر میسر ہو اور تمام حکومتی معاشی سرگرمیاں عوام اور میڈیا کے لئے مکمل شفاف ہوں اور صوابدیدی فنڈز کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :