اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن تاجر تنظیموں کی مشاورت سے تاجر برادری کے تمام مسائل حل کرے گی، شیخ انصر عزیز

کاروبار کے بہتر فروغ کیلئے اسلام آباد کی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے ، عاطف اکرام شیخ

جمعرات 19 مئی 2016 18:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن مقامی تاجر تنظیموں کی مشاورت سے تاجر برادری کے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گی تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور بزنس کمیونٹی مقامی معیشت کو مضبوط کرنے میں موثر کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں و صنعتی علاقوں سمیت اسلام آباد شہر کی بہتر ترقی کیلئے ایک جامع روڈمیپ تیار کیا جا رہا ہے تا کہ وفاقی دارالخلافہ کو ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں سیکورٹی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں جس سے سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے سٹیزن ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر کو اس کمیٹی کا رکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ کا رکن بنایا جائے تا کہ تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن مارکیٹ یونینوں کی مشاورت سے مارکیٹوں کو ترقی دینے کی حکمت عملی وضع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کے تاخیری حربوں کی وجہ سے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کو اختیارات کی منتقلی میں دیر ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ذاتی دلچسپی سے سی ڈی اے کے 22ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حوالے کئے جا رہے ہیں جن میں ہیلتھ سروسز، 1122، میونسپل ایڈمنسٹریشن، سیکورٹی، واٹر مینجمنٹ، سپورٹس اینڈ کلچر، صفائی، سڑکوں کی مرمت اور ماحولیات بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بلڈنگ کنٹرول اور اسٹیٹ مینجمنٹ کوبھی اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حوالے کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام محکموں کے منتقل ہونے اور آئندہ مالی سال سے بجٹ ملنے کے بعد اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد شہر کی بہتر ترقی کیلئے کام کا آغاز شروع کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جلد ہی ایک ویسٹ مینجمنٹ کمپنی قائم کی جائے گی اور موجودہ ہسپتالوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اس کے علاوہ سیہالہ، روات ، بارہ کہو اور ترنول میں ایک ایک چھوٹا ہسپتال تعمیر کیا جائے گا تا کہ اسلام آباد کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو اور عوام کو اپنے علاقوں میں علاج کی سہولیات میسر آئیں۔ دیہی علاقوں میں مراکز صحت کو بھی بہتر کیا جائے گا اور شہری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کو بھی دیہی مراکز صحت میں باری باری بھیجا جائے گا تا کہ دیہی عوام کو علاج کی بہتر سہولت ملے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کم آمدنی والے طبقے کیلئے کم قیمت ہاؤسنگ سکیموں کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور مارکیٹ یونینوں کی مشاورت سے صنعت و تجارت کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور کہا کہ تاجر برادری ان کوششوں میں ان کا ساتھ دے تا کہ مل جل کر اسلام آباد کو ایک مثالی شہر کے طور پر ترقی دی جا سکے۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ٹوٹی سڑکیں، سیوریج اور ڈرینج کی غیر تسلی بخش حالت، فلٹریشن پلانٹس اور باتھ رومز عدم دستیابی، پارکنگ سہولیات کی کمی وغیرہ ایسے مسائل ہیں جن کی وجہ سے تاجر برادری کو مسائل کا سامنا ہے لہذا اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن ان مسائل کو حل کرنے میں تعاون کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور مقامی معیشت مضبوط ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسلام آباد کلب کی طرز پر بزنس کمیونٹی کیلئے ایک بزنس مین کلب بنایا جائے تا کہ تاجر برادری کو بھی کلب کی جدید سہولیات فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کیلئے اسلام آباد جیسے مہنگے شہر میں رہائش حاصل کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے لہذا اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن وفاقی دارالخلافہ میں چھوٹے تاجروں کیلئے علیحدہ رہائشی کالونی یا رہائشی فلیٹ تعمیر کرنے میں تعاون کرے تا کہ ان کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔

انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ان تمام کوششوں میں بھرپور ساتھ دے گا جن کا مقصد اسلام آباد کو ترقی کے لحاظ سے ایک مثالی شہر بنانا اور کاروبار کے فروغ کیلئے سازگار حالات پیدا کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :