کمشنر سرگودہا کی جنرل بس سٹینڈ پر مسافروں کو ضروری سہولیات کی فر اہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 19 مئی 2016 17:14

سرگودھا۔19 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مئی۔2016ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو جنرل بس سٹینڈ میں مسافروں کیلئے ضروری سہولیات کی فر اہمی کو یقینی بنانے کیلئے پی سی IIتیار کرنے اور بس سٹینڈ کی کنسلٹینسی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ وہ اپنے دفتر میں جنرل بس سٹینڈ کی حالت بہتر بنانے کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلاس میں ڈی سی او ثاقب منان، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی آصف اقبال ملک اوردیگر نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہاکہ جنرل بس سٹینڈ پرمسافروں اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے متعلقہ افراد کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری ڈی آرٹی اے آصف اقبال ملک نے کمشنر کو جنرل بس سٹینڈ کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنرل بس سٹینڈ کو دسمبر 2008ء میں سی کلاس سے بی کلاس میں ا پ گریڈکیاگیا جبکہ اگست 2009 ء میں اسے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی تحویل میں دے دیاگیا ۔

(جاری ہے)

بس سٹینڈ ساڑھے 20ایکڑ رقبہ پر مشتمل ہے جہاں اندرونی 298دکانیں او ر91 بیرونی دکانیں، 33 ورکشاپس، ٹرانسپورٹرز کے پچاس دفاتر،‘ ایک پٹرول پمپ، چار ہوٹلز اور 18کیبن ،کینٹین اور بک سٹالز، چار سروس سٹیشن ،ایک سرا ئے، 44 بس سٹینڈ بمعہ دفاتر اور واٹر سپلائی کی سہولت حاصل ہے۔ جنرل بس سٹینڈ کے ذرائع آمدنی میں اڈہ فیس کا 2015-16ء کے دوران 2 کروڑ روپے سالانہ ٹھیکہ ہوا ۔

اس کے علاوہ مختلف دکانوں او رسٹالز کا ماہانہ کرایہ اس کی آمدنی کے ذرائع ہیں ۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے بس سٹینڈ کے مسائل او ردیگر معاملات کے با رے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز نے جنرل بس سٹینڈ کی بہتری کیلئے موجودہ سطح کو بلندکرنے کیلئے نو کروڑ اور سطح زمین کو مزید اونچا کئے بغیر 6کروڑ 56 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایاہے ۔ اسی طرح مسافرخانہ کی بہتری کیلئے 87لاکھ 94 ہزار روپے کے اخراجات دےئے گئے ہیں نیز جنرل بس سٹینڈ کے سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے دو کر وڑ 98 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگا یاگیاہے ۔