ٹڈاپ میگا اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

جمعرات 19 مئی 2016 14:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مئی۔2016ء) ٹڈاپ میگا اسکینڈل میں عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے 23 مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے تاریخ مقرر کردی۔ جمعرات کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کی آمد سے قبل پیپلزپارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد پہلے سے ہی عدالتی احاطے میں موجود تھی۔

دوران سماعت یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے 5 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے پرانے الزامات پر نئے مقدمات قائم کئے گئے ہیں اس لئے ان کے موکل کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ٹڈاپ میگا اسکینڈل کے تمام 23 مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے 23 جون کی تاریخ مقرر کردی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد نہ کی جائے کیوں کہ انہیں ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی نقول فراہم نہیں کیا جس پر عدالت نے ایف آئی اے حکام کو حکم دیا کہ انہیں تمام مقدمات کی نقول فراہم کی جائے اور آئندہ سماعت پر ہر صورت فرد جرم عائد کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج پہلی دفعہ پارلیمینٹ کو مضبوط کرنے کا سوچا جا رہا ہے یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ وہ 10 سال بعد بری ہوئے اور 15 سال بعد موقف کی تائید ہور رہی ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بھی کیسز کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے سٹنگ چیف جسٹس کو فارغ کیا تو ان پر آرٹیکل 6 لگایا گیا، افتخار چوہدری کو بحال کرنے کا مجھ پر بھی دباؤ تھا۔