بلوچستان کے طلباء و طالبات پر فخر ہے، بلوچ طلباء ملکی ترقی میں ااپنا کردار ادا کریں‘ ذکیہ شاہنواز

بدھ 18 مئی 2016 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ ہمیں بلوچستان کے طلباء وطالبات کے ٹیلنٹ پر فخر ہے اور ہم بلوچستان سے محبت کرتے ہیں ، بلوچ طلباء و طالبات محنت کر کے آگے آئیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں وہ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے بلوچستان سے آئے ہوئے وائس چانسلرز اور پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کی اعزاز میں دئے گئے عشائیے سے خطاب کر رہیں تھیں۔

تقریب میں صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران، کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے صدر مجیب الرحمن شامی، بلوچستان سے آئے وفد کی قیادت کرتے ہوئے بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد، دفاعی ماہرین، یونیورسٹی اساتذہ اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ صوبہ پنجاب بلوچستان کے شانہ بشانہ ہے اور ہر مشکل گھڑی میں پنجاب کی عوام نے بلوچستان کا ساتھ دیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ بلوچستان کو اللہ نے انسانی اور معدنی دولت سے مالا مال کر رکھا ہے۔ لیکن پاکستان بننے کے بعد حکمرانوں کی ترجیحات میں علم نہ ہونے کے باعث ہم اپنی ان معدنیات سے استفادہ نہ کر سکے تاہم اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی جانب سے بلوچستان کے طلباء و طالبات کو مفت تعلیم اور رہائش کی سہولیات کے ساتھ ساتھ سکالرشپس فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پچھلی دہائیوں میں بحران سے گزرا ہے۔

بلوچستان یونیورسٹی میں قومی ترانہ نہیں لگایا جا سکتا تھا اور جھنڈا نہیں لہرایا جا سکتا تھا تاہم پاک فوج اور صوبائی حکومت نے بلوچستان کی بہتری کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان سے حالات بہت ذیادہ بہتر ہوئے ہیں۔ اب بلوچستان یونیورسٹی میں ہر تقریب قومی ترانے سے شروع ہوتی ہے اور قائد اعظم کی تصویر ہر دفتر میں لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم کمانڈر سدرن کمانڈ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے نہایت شکر گزار ہیں جن کی کوششوں سے بلوچستان بدل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سے ہمیں بہت محبت ملی ہے۔ سینئر صحافی مجیب الر حمن شامی نے کہا کہ بلوچستان میں یقینا تبدیلی آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے بلوچستان کے طلباء و طالبات کے لئے جو اقدام اٹھایا تھا اس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بغیر پاکستان کا کوئی تصور نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی سیاسی خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اب ہمارا آئین معطل ہونا چاہئے۔ بلوچستان کا یہ وفد جمعرات کی صبح نو بجے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ بھی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :