سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں وفدچین روانہ ،اقتصادی راہداری منصوبہ پر ہونے والے سیمینار میں شرکت کریں گے

پاکستانی وفد چینی حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریگا، سی پیک منصوبے پر پیش رفت بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا

بدھ 18 مئی 2016 22:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین اور پاک چین تھنک ٹینک کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں وفد پاک چین اقتصادی راہداری سیمینار میں شرکت کے لئے چین روانہ ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں وفد پاک چین اقتصادی راہداری سیمینار میں شرکت کے لئے چین روانہ ہو گیا ۔

وفد میں معروف پاکستانی خبررساں ادارے انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان (آئی این پی ) کے چیف ایڈیٹر سید صلاح الدین بھی شامل ہیں۔وفد بیجنگ میں منعقد ہونے والے پاک چین اقتصادی راہداری سیمینار میں شرکت کرے گا جس میں سینیٹر مشاہد حسین شرکاء کو منصوبہ کی پیش رفت کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دیں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد چینی حکام کے ساتھ بھی ملاقاتیں کرے گا جس میں اقتصادی راہداری منصوبہ کی پیش رفت پر گفتگو کی جائے گی ۔

46ارب ڈالر کی لاگت سے پاکستان میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر زورشور سے کام جاری ہے جس کے تحت ملک بھر میں توانائی اور تعمیروترقی کے مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔منصوبے کے تحت گوادر بندرگاہ کو فعال کرنے کے حوالے سے تعمیر وترقی کا کام جاری ہے ۔بدھ کے روز ہی بندرگاہ پر چین کا پہلا بحری جہاز لنگر انداز ہوا ۔بندرگاہ کے ذریعے چینی مصنوعات مشرق وسطیٰ ، افریقہ اور یورپ بجھوائی جا سکیں گی ۔

متعلقہ عنوان :