غربت کے خاتمہ کا ملک گیر سروے 2017ء میں کرایا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی کارکردگی پر آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہو گی، اپوزیشن تنقید کی بجائے اپنے متعلقہ علاقوں میں عوامی خدمت پر توجہ دے، وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پارلیمنٹ میں آ کر مخالفین کے تمام سوالوں کے جواب دیئے، حکومت ٹرمز آف ریفرنس پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کا میرپور (آزاد کشمیر) میں مقامی نمائندگان، معززین علاقہ اور مستحقین سے خطاب

بدھ 18 مئی 2016 21:42

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمہ کا ملک گیر سروے 2017ء میں کرایا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی کارکردگی پر آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی سے ہمکنارہوگی، اپوزیشن حکومت پرتنقید کی بجائے اپنے متعلقہ علاقوں میں عوامی خدمت پر توجہ دے، وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پارلیمنٹ میں آ کر مخالفین کے تمام سوالوں کے جواب دیئے، حکومت ٹرمز آف ریفرنس پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور (آزاد کشمیر) میں اپنے دورہ کے دوران مقامی نمائندگان، معززین علاقہ اور مستحقین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ نیا غربت سروے شفاف ہوگا اور بی آئی ایس پی سخت محنت سے اسے دنیا کا بہترین سروے بنائے گا۔

(جاری ہے)

سابقہ حکومت کی جانب سے سال 2010ء میں کرائے گئے گزشتہ سروے میں میرپور کو نظر انداز کیا گیا تھا۔

اس مرتبہ اسے اس کا جائز حق ملے گا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے مزید کہا کہ نئے غربت سروے میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے گا۔ ڈیسک اپروچ کے ساتھ ساتھ گھر گھر سروے کے طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔ مانیٹرنگ ٹیمیں سروے ٹیموں کی معاونت کیساتھ ساتھ شفافیت کو یقینی بنائیں گی اور بہترین بین الاقوامی طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔

سابق حکومت کی جانب سے سال 2010ء میں کرائے گئے گزشتہ سروے میں موجود خامیوں کو نئے غربت سروے میں نہیں دہرایا جائے گا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نئے غربت سروے کے ابتدائی مراحل کے حوالے سے دیگر اضلاع کے دورے پر ہیں تاکہ مقامی حکومت، انتظامیہ، اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ دوبارہ سروے کیلئے موثر حکمت عملی وضع کی جائے جس سے عوام میں سروے سے متعلق آگاہی پیدا ہو۔

اس ضمن میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری اعجاز رضا اور چوہدری سعید کے ہمراہ ڈویژنل دفتر بی آئی ایس پی میر پور، ناگی اور نیو میرپورسٹی کے دورے کیا۔ نئے غربت سروے کے ابتدائی مرحلہ کا آغاز ماہ رمضان کے بعد ہوگا جس کے بعد جنوری 2017ء میں ملک گیر سروے ہوگا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید کہا کہ وہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں غریب افراد کی جانب سے نمائندگی کرنے کی مقدس ذمہ داری سونپی۔

انہیں مستحق خواتین کی قیادت پر فخر ہے جو اپنی سرزمین سے بے پناہ محبت کا جذبہ رکھتی ہیں اور بی آئی ایس پی ان خواتین پر سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ وہ غربت سے باہر نکل کر ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ بی آئی ایس پی کا شمار دنیا کے بہترین سوشل سیفٹی نیٹس میں ہوتا ہے جو نہ صرف پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی معاونت کرتا ہے بلکہ انہیں ان کے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے۔