سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے جنوبی کوریا کے سفیر کی الوداعی ملاقات ، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال

دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے ،تجارتی اور اقتصادی شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا، ظفر الحق

بدھ 18 مئی 2016 21:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق سے جنوبی کوریا کے سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے جنوبی کوریا کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے خدمات کو سراہا اور انکی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

قائد ایوان نے کہا کہ جنوبی کوریا نے پچھلی چنددہائیوں میں مثالی ترقی کی ہے اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے جو پروگرام بنائے ہیں وہ حیران کن ہیں۔راجہ محمد ظفر الحق نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور تجارتی اور اقتصادی شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

راجہ محمد ظفر الحق نے جنوبی کوریا کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کی تعریف بھی کی۔

الوداعی ملاقات میں جنوبی کوریا کے سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان نے کہا کہ انہوں نے اس عرصے کے دوران یہ کوشش کی کہ اقتصادی تعاون کو مزید بڑھایا جائے۔انہوں نے بطور سفیر پاکستان میں اپنے قیام کو یاددگار قرار دیا اور کہا کہ میں اپنے آپکو پاکستان کا ایک نمائندہ تصور کرونگا۔سفیر نے کہا کہ موجود ہ حکومت نے اقتصادی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار کے جو منصوبے شروع کئے ہیں اس کے اچھے نتائج برآمد ہونگے اور ترقی کی نئی راہیں ہموا رہونگی۔ملاقات میں سینیٹر چوہدری تنویر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :