بدعنوان عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں، نیب افسران کی زندگی کو خطرات لاحق

حساس اداروں کا وزارت داخلہ اور سندھ ، بلوچستان حکومتوں کو تحریری مراسلہ میں انتباہ

بدھ 18 مئی 2016 21:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مئی۔2016ء) ملک بھر میں نیب کی بدعنوان عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں کے باعث نیب افسران کی زندگی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

حساس اداروں نے وزارت داخلہ اور سندھ ، بلوچستان حکومتوں کو ایک تحریری مراسلہ بجھوایا ہے کہ نیب افسران جو اہم اور حساس نوعیت کے کیسوں کی تفتیش کر رہے ہیں انہیں اغواء بھی کیا جا سکتا ہے اور ان پر جان لیوا حملے بھی ہو سکتے ہیں اس لئے اہم کیسوں کے تفتیشی افسران کی سیکورٹی کا موثر انتظام کیا جائے ۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو جب گرفتار کیا گیا تو نیب افسران کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور گزشتہ روز بھی دفتر خارجہ سے جب ڈائریکٹر شفقت چیمہ کو حراست میں لیا گیا تو نیب افسران کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ نیب بلوچستان اور نیب سندھ کے افسران ان بذاتخود بھی متعدد بار عدم تحفظ کا اظہار کر چکے ہیں ۔