کراچی،پیپلز پارٹی کے سینئر لیبر رہنماؤں کا گورنر کی جانب سے سندھ ورکرز پرافٹ پارٹی سپیشن ایکٹ 2015کی توثیق کا خیر مقدم

بدھ 18 مئی 2016 21:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر لیبر رہنماؤں حبیب الدین جنیدی ، لطیف مغل ،محسن رضا،نور محمد جلبانی اور حسین بادشاہ نے گورنر سندھ کی جانب سے سندھ ورکرز پرافٹ پارٹی سپیشن ایکٹ 2015کی توثیق کئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ سندھ اسمبلی کی تاریخی قانون سازی ہے جس کے نتیجے میں صوبے میں لاکھوں محنت کش اپنے اداروں کے منافع میں قانونی طور پر حصہ دار بن جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون کی توثیق کے بعد سندھ کو یہ امتیاز حاصل ہوگیا ہے کہ وہ پاکستان کا واحد صوبہ ہے جس نے 18ویں آئینی ترمیم کے بعد مزدوروں اور ملازمت پیشہ طبقات کے مفادات کے تحفظ کیلئے سب سے زیادہ قانون سازی کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ان رہنماؤں نے اس ترقی پسندانہ قدم اٹھانے پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی اور اس توقع کااظہار کیا کہ جلد ہی صوبائی حکومت دیگر مزدور دوست قوانین سندھ آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایکٹ اورسندھ ہوم بیسڈ ورکرز ایکٹ کے مسودات کوبھی اسمبلی سے منظور کروا کرقانون کا درجہ دے گی اور اس طرح غریب عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ صوبائی محکمہ محنت ان تمام مزدور دوست قوانین پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کروانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریگا۔