وفاق پاکستانی مفادات کا دفاع کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے،اراکین پیپلز پارٹی

دریاؤں کا رخ موڑ نے سے پاکستان کی زرعی زمینیں بنجر ہوجائیں گی،انڈیا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بگلیار اورکشن گنگا ڈیم تعمیر کررہا ہے،بیان

بدھ 18 مئی 2016 21:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور ،میر اعجاز حسین جکھرانی اور عمران ظفر لغاری نے بھارت کی جانب سے 30کے قریب دریاؤں کے رخ موڑنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے مفادات کا دفاع کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ دریاؤں کے رخ موڑ دینے سے پاکستان کی زرعی زمینیں بنجر ہوجائیں گی اور پاکستان کی معاشی تباہی کو روکنا ناممکن ہوجائے گا۔

جبکہ اس سے پہلے ہی انڈیا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بگلیار ڈیم اورکشن گنگا ڈیم تعمیر کررہا ہے جس پر پاکستان نے بین الاقوامی عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں پی پی پی کے اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے مودی سرکار کی مدح سرائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور پاکستان میں دہشت گردی کیساتھ پاکستان میں زرعی، معاشی بحران پیدا کرنے پر بھارت سرکار کے خلاف عالمی سطح پر کوئی آواز ہی نہیں اٹھائی جس سے بھارت اپنی من مانیاں کررہا ہے۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت قومی اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کر کے ملک میں صنعتوں کا پہیہ جام اور شہریوں کو بیروزگار کر کے افراتفری کا سامان پیدا کررہی ہے تو ن لیگ کی نظر میں موسٹ فیورٹ نیشن یعنی بھارت کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے کہ وہ پاکستان کی زرعی زمینوں کو ریگستان میں تبدیل کر دے۔ انہوں نے ن لیگ کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اٹھائے تاکہ پاکستان کو زرعی وصنعتی تباہی سے محفوظ رکھا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :