فیڈریشن کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنیوالے نام نہاد ٹولے نے تاجر برادری کی جانب سے دھتکارنے کے باوجود سبق نہیں سیکھا،شیخ خالد تواب

یو بی جی کی متحد قیادت نے صنعتی اور تاجر طبقوں کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے عملی جدوجہد کی ہے ،قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی

بدھ 18 مئی 2016 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مئی۔2016ء) ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر ، شیخ خالد تواب، نائب صدور محمد حنیف گوہر، ارشد فاروق اور ذوالفقار شیخ نے کہا ہے کہ ماضی میں فیڈریشن کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے نام نہاد ٹولے نے تاجر برادری کی جانب سے دھتکارے جانے کے باوجود سبق نہیں سیکھا۔ فیڈریشن کے عہدیداروں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یو بی جی کی متحد قیادت نے صنعتی اور تاجر طبقوں کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے عملی جدوجہد کی ہے اور اس جدو جہد کو الحمد اللہ ملک بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

شیخ خالد تواب، محمد حنیف گوہر ، ارشد فاروق اور ذوالفقار شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فیڈریشن او ملک بھر کے تاجر طبقے کے ٹھکرائے ہوئے لوگ اب بھی ریشہ دوانی میں مصروف رہتے ہوئے صنعتی اور تاجر طبقوں کیلئے کئے جانے والے ہر اچھے عمل کی مخالفت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا ایف پی سی سی آئی ،یو بی جی کی مضبوط لیڈر شپ تلے کرپشن سے پاک اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے کوشاں ادارہ بن چکا ہے جس میں اب ناآقبت اندیشوں کی قطعاْ گنجائش نہیں۔

فیڈریشن کے قائم مقام صدر شیخ خالد تواب، نائب صدور محمد حنیف گوہر، ارشد فاروق اور ذوالفقار شیخ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صرف چار ماہ میں صنعتوں کا پہیہ تیز کرنے کیلئے بجلی کے ٹیرف میں تین روپے کی کمی منظور کرائی گئی انہوں نے کہا کہ بآمدی شعبے کو زیرو ریٹ کا درجہ دلوانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی گئی جس کے نتیجے میں یکم جولائی سے پانچ برآمدی شعبوں کو زیرو ریٹ قرار دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کے ری فنڈ کلیمز بھی جولائی کے آخر تک ادا کردیئے جائیں گے۔ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں یونائٹڈ بزنس گروپ پاکستانی معیشت میں انقلابی تبدیلیوں کی خواہاں ہے اس عمل میں حائل ہر رکاوٹ کو عبور اور تاجر دشمن سوچ کے حامل ٹولے کو آڑھے ہاتھوں لیا جائے گا۔

شیخ خالد تواب ، محمد حنیف گوہر ، ارشد فاروق اور ذوالفقار شیخ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صنعتوں اور تاجر طبقے کے دیرینہ مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ایف پی سی سی آئی نے وفاق کو بجٹ تجاویز ارسال کی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ چوتھے ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ کا کامیاب انعقاد یو بی جی کی کاوشوں کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بنائی گئی فیڈریشن کی غیر فعال قائمہ کمیٹیاں اور بزنس کونسلز کو مربوط انداز میں فعال کردیا گیا ہے تاکہ تاجر طبقے کے مسائل کا فوری اور جامع حل تلاش کیا جاسکے۔

مشترکہ بیان میں شیخ خالد تواب، محمد حنیف گوہر، ارشد فاروق اور ذوالفقار شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے اسلام آباد دفتر کی عمارت رواں سال ستمبر میں مکمل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر عبدالرؤف عالم نے ترکمانستان اور ایران کے دورں کے موقع پر باہمی معاہدوں پر دستخط کئے مزید یہ کہ بیلا روس، ماریشیئس اور سری لنکا کے وزراء اور تجارتی فیڈریشنز کے ساتھ بھی دو طرفہ تعلقات کے معاہدے ہوئے ہیں ۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف پی سی سی آئی ک کے صدر عبدالرؤف عالم کی جانب سے پاکستان ، چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی جس میں سینیٹر غلام علی اور سلطان احمد چاؤلہ بھی شامل ہیں انہوں نے رؤف عالم کی کاوشوں کو بھی سراہا ہے۔ شیخ خالد تواب، محمد حنیف گوہر، ارشد فاروق اور ذوالفقار شیخ نے کہا ہے کہ یو بی جی کی اعلی قیادت ایف پی سی سی آئی کے وقار کی سربلندی کی خواہاں ہے اور ایسے اقدامات پر یقین رکھتی ہے جن سے معاشی پہیہ تیز ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسپو کے دوران فرانس ، ہانگ کانگ، کازکستان، نیدر لینڈ، برازیل، ارجنٹائن، کولمبیا، کے ساتھ بھی کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جو مستقبل قریب میں ملک کی معاشی ترقی میں اہمیت کے حامل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں اور ملک کی تاجر برادری کے مالیاتی مسائل کے حل کیلئے گورنر اسٹیٹ بینک اور تمام کمرشل بینکوں کے سربراہوں سے بھی اہم ملاقاتیں کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :