رانا ثناء اﷲ نے مخصوص ایجنڈے کے تحت جان بوجھ کر غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ،جماعۃالدعوۃ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 18 مئی 2016 20:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 مئی۔2016ء ) جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان محمد یحییٰ مجاہد نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ کے اس بیان کہ ’’جماعۃالدعوۃ اور جیش محمد جیسی تنظیموں کیخلاف کارروائی ممکن نہیں کیونکہ ریاست خود ان معاملات میں شامل رہی‘‘پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناء اﷲ کی طرف سے کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت جان بوجھ کر غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں واضح طور پر قرار دے چکی ہیں کہ جماعۃالدعوۃ پر پاکستان میں کوئی پابندی نہیں ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اعلیٰ عدالتیں جماعۃالدعوۃ پر لگائے گئے ہر قسم کے الزامات کوبے بنیاد قرار دیتے ہوئے صاف طور پر کہہ چکی ہیں جماعۃالدعوۃ وطن عزیز پاکستان میں کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں اور اسے اپنی دعوتی و ریلیف سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

محض بیرونی قوتوں کی خوشنودی کیلئے اس قسم کی بیان بازی کو درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ترجمان جماعۃالدعوۃ نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ ملک میں آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دعوت و تبلیغ اوررفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ رانا ثناء اﷲ کا یہ کہنا کہ ریاست خودان تنظیموں کے معاملات میں ملوث رہی‘ بھارت سرکار اور دیگر بیرونی قوتوں کو پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کا جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ انہیں اپنے اس بیان کی وضاحت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر قانون کا جماعۃالدعوۃ پر پابندی سے متعلق حالیہ بیان اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی توہین کے مترادف ہے۔

متعلقہ عنوان :