وطن عزیز کو بیرونی دشمنوں سے زیادہ اندرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں، کامران مائیکل

ملک ترقی کے منازل طے کر رہا ہے اس کا راستہ کوئی نہ روک پائیگا، وفاقی وزیر جہازرانی وبندرگاہ

بدھ 18 مئی 2016 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے جہازرانی و بندرگاہ سینیٹر کامران مائیکل نے آج ہونے والے اسمبلی اجلاس سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو بیرونی خطرات سے زیادہ اندرونی خطرات لاحق ہیں جو ملک کو ترقی کی راہ میں گامزن ہونے سے روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ترقی کے منازل تیزی سے طے کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہا ہے اور اسسے معیشت مضبوط اور سرمایہ کاری مستحکم ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی ممالک سے سرمایہ کاروں نے پاکستان کی جانب اپنا رحجان کر دیا ہے اور پاکستان میں خاطرخواہ سرمایہ کاری کو فروغ مل رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے اس موقع حزب اختلاف کی کاوشوں کو ملک میں جمہوریت کو ڈیریل(DERAIL ) کرنے سے منسوب کیا اور کہا کہ اسے محب وطن پاکستانی ہرگز کامیاب نہ ہونے دیں گیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی دھرنے اور کنٹینر سیاست نے 11 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے اور کہا کہ سونامی خان اور ان کے حواریوں نے ہمیشہ اور ہر موڑ پر اپنا منفی فعل دکھایا ہے اور آج بھی جب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو CPEC جیسے خطیر السرمایہ منصوبے میں بھی یہ رخنہ انداز ہو رہے ہیں اور ملکی معیشت ، ترقی وسالمیت کے ساتھ کھیل رہے ہیں جس کا خمیازہ پورے ملک کو برداشت کرنا پڑے گا۔

سینیٹر کامران مائیکل نے پانامہ لیکس کے حوالے سے کہا کہ اسے قائم شدہ کمیشن کے ذریعے ہی سلجھانا چاہئے اور کہا کہ اس کو جواز بنا کر پاکستان کو ترقی کی راہ میں آگے بڑھنے سے روکنا دراصل ملک سے غداری کے مترادف ہے۔ انہوں اس امر پر زور دیا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی آمد ہو رہی ہے جس کو ترقیاتی منصوبوں پر لگنے سے کوئی روک نہ سکے گا۔ انہوں کہ ملک اب ترقی ضرور کرے گااور اسکے اس سفر کو منزل جلد ملے گی۔