پانامہ لیکس ،وزیراعظم اورانکے خاندان کیخلاف نیب سے تحقیقات کرانے کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت ،چیئرمین نیب سے جواب طلب

بدھ 18 مئی 2016 20:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) لاہورہائیکورٹ نے پانامہ لیکس کے معاملے پر چیف جسٹس کی جانب سے حکومتی خط واپس کئے جانے کے بعد وزیراعظم نوازشریف اوران کے خاندان کے خلاف نیب سے تحقیقات کرانے کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور چیئرمین نیب سے جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ پانامہ لیکس انکشافات اہم نوعیت کا معاملہ ہے، وزیراعظم کا نام آنے سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی ہوئی اور قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا، پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کی حکومتی درخواست چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے مسترد کی جا چکی ہے۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعاہے کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظرتحقیقات نیب سے کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد عدالت نے وفاقی حکومت اور چیئرمین نیب سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔