صرف آپ ہی کے کاروبار میں اﷲ نے برکت دے رکھی ہے؟ محمود الرشید

میاں شریف کے باقی بچوں کی اولادیں آج کن حالات میں ہیں، ؟ پنجاب اسمبلی میں خطاب

بدھ 18 مئی 2016 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ، میاں صاحب بتائیں میاں شریف کے باقی بچوں کی اولادیں آج کن حالات میں ہیں۔ صرف آپ ہی کے کاروبار میں اﷲ نے برکت دے رکھی ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد صوبہ732 ارب روپے کا مقروض ہوگیا اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے ایوان میں سوال کیا کہ وزیراعلیٰ صاحب آپ گڈ گورننس کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن آج ڈاکٹر، کلرک، اساتذہ، نابینا افراد، کسان، طلبہ ہر طبقہ اپنے جائز حقوق کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے آپ کو یہ کیوں نظر نہیں آتے؟ اپوزیشن لیڈر نے پا نا مہ معاملہ میں حکومتی ہٹ دھری پر تنقید شروع کی تو وزیراعلیٰ ایوان چھوڑ کر بغیر تقریر سنے ہی چل دیئے۔

(جاری ہے)

جس پر اپوزیشن نے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیراعلیٰ میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے۔ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ2015تک اتفاق فاونڈری ڈیفالٹر تھی جسے ختم کرنے کے لیے ال رحمت کارپوریشن بناکر دوبارہ قرضہ حاصل کئے گئے، ہم وزیراعلیٰ سے جواب مانگتے ہیں لیکن وہ بڑے بھائی کی طرح کہانیاں سنا کر چلتے بنتے ہے لیکن حقائق ایسے بدلے نہیں جا سکتے وزیراعلیٰ کو پنجاب کے عوام کو جواب دینا ہوگا ورنہ مرکز میں اقتدار سنبھالتے پنجاب بھی کھو بیٹھیں گے۔