پانامہ لیکس ،الزام تراشی کی سیاست کرنے کی بجائے اپوزیشن کو بالغ النظری سے کام لیتے ہوئے حل کی طر ف جانا چاہیے ‘ رفیق رجوانہ

پاکستان بار بار سیاسی نظام کے ساتھ تجربات کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا ، موجود ہ جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی بجائے ایسا طرز سیاست اختیار کرنا چاہیے جس سے اعلیٰ جمہوری اقدار پروان چڑھیں ‘ گورنر پنجاب کی معروف قانوندان ایس ایم ظفر سے گفتگو

بدھ 18 مئی 2016 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر الزام تراشی کی سیاست کرنے کی بجائے اپوزیشن کو بالغ النظری سے کام لیتے ہوئے ایسے حل کی طر ف جانا چاہیے جس سے جمہوریت مستحکم ہو اور موجود ہ سیاسی نظام بہتر طریقے سے عوامی خدمت کا کام سرانجام دے سکے،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے خود کو رضا کارانہ طور پر احتساب کے لیے پیش کرنا اور ٹی او آرز کے لیے اپوزیشن سے مل کر آگے بڑھنے کے اعلان کے بعد اب کسی قسم کی الزام تراشی کی گنجائش نہیں رہتی اب مخالفین صبر سے کام لیتے ہوئے کمیشن کی کاروائی کاانتظار کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف قانون دان اور سابق سینیٹر ایس ایم ظفر سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے معروف صحافی مجیب الرحمان شامی سمیت وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان بار بار سیاسی نظام کے ساتھ تجربات کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا ، موجود ہ جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی بجائے ایسا طرز سیاست اختیار کرنا چاہیے جس سے اعلیٰ جمہوری اقدار پروان چڑھیں۔

انہو ں نے کہا کہ عوام کا اصل مسئلہ تعلیم ، صحت اور بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی ہے ، اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتو ں کو ان مسائل کے حل کے لیے حکومت کا ساتھ دینا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اپنے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے عملی طور پر کوشاں ہے جس کے نتیجے میں آج دنیا کی ہر بڑی کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کا کردار بھی ضروری ہے۔انہو ں نے ایس ایم ظفر کی قیادت میں کاروان علم تنظیم کی کوششوں کو سراہا جو گزشتہ بارہ سال سے مستحق اور نادار طلبا کی مالی معاونت کر رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ خدمت انسانیت ہی عظمت انسانیت ہے اور خود کو دوسروں کے لیے وقف کرنے والے لوگ ہی معاشرے کا حقیقی سرمایہ ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروان علم کا دائرہ وسیع کرنے اور اس کارخیر میں حصہ ڈالنے کے لیے ان کی خدمات بھی حاضر ہیں اور وہ بہت جلد ادارے کے لیے فنڈ ریزنگ کی تقریب کا اہتمام کر یں گے جس میں ملک بھر سے مخیر حضرات کو مدعو کیا جائے گا۔انہو ں نے کہا چین کے ساتھ چھیالیس ارب روپے کے اقتصادی منصوبے دونوں ملکوں کے درمیان بہترین تعلقات کا عملی ثبوت ہونے کے ساتھ ساتھ حکومت کے معاشی وڑن پر اعتماد کا اظہار بھی ہے جس سے پاکستان میں معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغا ز ہوگا۔

ایس ایم ظفرنے گورنرپنجاب کو بتایا کہ ادارہ اب تک پانچ ہزار دو سو بیالیس افراد کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر چکا ہے اور مستحق افراد کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جا تا ہے۔انہو ں نے کہا کہ ادارے سے مستفیدہونے والے طلبا کا تعلق چاروں صوبوں اور دوردراز علاقوں سے ہے۔