تمغہ شجاعت کا اعزاز پانے والے وکلاء صاحبان رائے اظہر حسین اور عاصم مختار چوہدری کی ہائیکورٹ بار آمد

دونوں وکلاء صاحبان کو دیگر مراعات بھی دی جائیں جس طرح فوج کے افسران کو نوازا جاتا ہے‘ صدر ہائیکورٹ بار رانا ضیا عبدالرحمن

بدھ 18 مئی 2016 20:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ شجاعت کا اعزاز پانے والے وکلاء صاحبان رائے اظہر حسین ایڈووکیٹ ہائیکورٹ اور عاصم مختار چوہدری ایڈووکیٹ ہائیکورٹ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن رانا ضیاء عبدالرحمن ،نائب صدر سردار طاہر شہباز خاں ،سیکرٹری محمد انس غازی ، سیکرٹری سید اسد بخاری فنانس نے معزز مہمانان کو خوش آمدید کہا۔

سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد انس غازی نے معزز وکلاء کا مختصر تعارف کراتے ہوئے انکی بہادری پر داد شجاعت دی۔ انہوں نے ہاؤس کو بتایا کہ 3مارچ2014ء کو چھ سے آٹھ دہشت گرد ضلع کچہری ایف ایٹ مرکز اسلام آباد میں داخل ہوئے اور اندھا دھند گولیاں چلانا شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

آپ نے بے پناہ جرات کا مظاہر ہ کرتے ہوئے معصوم وکلاء اور عوام الناس کو ہلاک نہ کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو للکارا۔

دہشت گردوں نے جوابی حملہ کیا اور آپ پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی اور گرینیڈ پھینکے۔ اس اندھا دھند فائرنگ سے رائے اظہر حسین ایڈووکیٹ کو بائیں جگر میں گولیاں لگیں اور آپ کو فی الفور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لے جا یا گیا جہاں آپ انتہائی نگہداشت یونٹ میں وینٹی لیٹر پر تقریباً پورا ایک ماہ موت و حیات کی کشمکش میں رہے۔ پمز نے آپ کے علاج کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔

آپ موثر علاج کے باعث جلد رو بصحت ہو گئے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم کی جانب سے آپ کو ایک زندہ معجزہ قرار دیا گیا۔ آپ دہشت گردانہ حملے کے نفسیاتی اثر سے بھی باہر آ گئے اور دیگر زخمیوں کی بھی بحالی میں مدد کی۔ آپ معروف ادبی شخصیت بھی ہیں۔ آپ کا مجموعہ کلام ’’حرف صلیب‘‘ شائع ہو چکا ہے۔ اس المیہ کی عکاسی کرنے والی آپ کی حالیہ تخلیق زیر طباعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح عاصم مختار چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی بے پناہ دلیری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا نا صرف مقابلہ کیا بلکہ کافی انسانی جانوں کو بچایا۔ آپ دونوں کی شجاعت کے اعتراف میں صدر، اسلامی جمہوریہ پاکستان نے رائے اظہر حسین اور عاصم مختار چوہدری کو تمغہ شجاعت کا اعزاز عطاء کیا ہے۔ اس موقع پر رائے اظہر حسین ایڈووکیٹ (تمغہ شجاعت) ، عاصم مختار چوہدری ایڈووکیٹ (تمغہ شجاعت) محمد وقاص ملک سیکرٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی خطاب کیا۔

رانا ضیاء عبدالرحمن صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے رائے اظہر حسین اور عاصم مختار چوہدری کو تمغہ شجاعت کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ دو وکلاء کو اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے معصوم اور بے گناہ لوگوں کی جانیں بچائیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ دونوں وکلاء صاحبان کو دیگر مراعات بھی دی جائیں جس طرح فوج کے افسران کو مراعات سے نوازا جاتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ اشرف عاصمی ایڈووکیٹ نے سانحہ 14مارچ 2014ء کے شہداء کی بلندی درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :