اورنج لائن ،برقی تنصیبات کی منتقلی جلد مکمل کی جائے تا کہ رمضان المبارک کے دوران شٹ ڈاؤن کی ضرورت نہ پڑے ‘ کسی ہنگامی صورتحال سے فوری طورپرنپٹنے کے لئے لیسکو پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ محکمے اپنے ایمر جنسی سکواڈ تشکیل دیں، اورنج لائن کے لئے 33ارب روپے قرض کی پہلی قسط کے اجرا پر چین کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان کا اجلاس سے خطاب

بدھ 18 مئی 2016 20:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے بنائی جانے والی سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے راستے میں واقع برقی تنصیبات کی منتقلی کاکام جلد از جلد مکمل کر لیا جائے تا کہ شدید گرم موسم میں رمضان المبارک کے دوران شٹ ڈاؤن کی ضرورت پیش نہ آئے،گرم موسم کے باعث مختلف علاقوں میں شہریوں کو درپیش پانی کی قلت کے پیش نظرلیسکو نئے نصب کئے جانے والے ٹیوب ویلوں کے لیے فوری طورپربجلی کے کنکشن مہیا کرے اور واسا تمام نئے ٹیوب ویلوں کو فوری طورپر چالو کرے،اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ پر کسی ہنگامی صورتحال سے فوری طورپرنپٹنے کے لئے لیسکو پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ محکمے اپنے ایمر جنسی سکواڈ تشکیل دیں،منصوبے کی 27کلو میٹر طوالت کے پیش نظر ہر محکمہ اس مقصد کے لئے کم از کم دو ایمر جنسی ٹیمیں قائم کرے ،واسا پراجیکٹ ایریا کے لئے خصوصی مون سون پلان تشکیل دے کر ایک ہفتے میں پیش کرے اور نکاسی آب کے حوالے سے حساس مقامات کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ضروری مشینری کی فراہمی کا بھی بندوبست کرے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز منصوبے پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی زیر صدارت کر رہے تھے۔ جس میں ایم پی اے چوہدری شہباز احمد‘لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نبیل جاوید ‘ ڈی سی او محمد عثمان ‘ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے میاں شکیل احمد‘ چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ‘ ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس اور دیگر متعلق محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔

خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ اورنج لائن میٹر و ٹرین کے تمام سٹیشنوں پر صاف پانی کی فراہمی ‘ سیوریج کے انتظام ‘بجلی ،ٹیلی فون‘سوئی گیس اور دیگر یوٹیلیٹی سروسز کے کنکشن فراہم کرنے کے لیے ابھی سے ضروری انتظامات کر لئے جائیں ‘سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد کسی بھی محکمے کو روڈ کٹ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔خواجہ احمد حسان نے منصوبے کے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ پری کاسٹ ٹرانزم اور یوٹب گرڈرز کی تیاری کے لیے دررکار سانچوں کا زیادہ سے زیادہ تعداد میں انتظام کیا جائے تا کہ منصوبے کا تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کیا جا سکے۔

انہوں نے ایگزم بنک آف چائنہ کی طرف سے لاہور اورنج لائن منصوبے کے لئے 33ارب روپے قرض کی پہلی قسط کے اجرا پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہریوں کو سفر کی جدید ‘ با وقار اور سستی سہولت مہیا کر کے ملک کا ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل کر دے گا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین سے مسافروں کے وقت کی بچت اور گاڑیوں کے استعمال کی مد میں پہلے سال مجموعی طور پر 14.9ارب روپے جبکہ آئندہ 30سالوں تک اوسطاََ 39.38 ارب روپے سالانہ کے حساب سے بچت ہو گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید نے متعلقہ افسران کو ہدایت کے تعمیراتی کام کے علاقوں میں گردوغبار سے بچنے کے لئے وہاں باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے میاں شکیل احمد نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے راستے کے اطراف میں یا پودے لگانے اور آرائشی روشنیوں کے انتظام کے لئے متعلقہ کمپنیوں سے پیشکشیں طلب کر لی گئی ہیں۔