پیمرا اتھارٹی کا اجلاس ، ڈی ٹی ایچ لائسنسنگ پر مشاورت، ملک میں فروخت ہونیوالے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف فوری کارروائی کا عندیہ، ایف بی آر ، وزارتِ داخلہ کے ساتھ مل کر مربوط پالیسی بنانے کا بھی فیصلہ

بدھ 18 مئی 2016 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) کے منعقدہ 112 ویں اجلاس میں پیمرا افسران پر مشتمل کمیٹی کی ڈی ٹی ایچ لائسنسنگ کے عمل کے حوالے سے پیش کی جانیوالی سفارشات کا جائزہ لیا گیا ،اتھارٹی کو ڈی ٹی ایچ کے عمل کے سلسلے میں کی جانیوالی عوامی مشاورت کے نتیجے سے بھی آگاہ کیا گیااور دیگرمختلف پہلوؤں پر بحث کی گئی۔

مزیدبرآں ڈی ٹی ایچ سے منسلک بیشتر پہلوؤں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے اتھارٹی نے ملک میں بکنے والے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف فی الفور کاروائی کا عندیہ بھی دیا۔ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اتھارٹی کے ہونے والے اجلاس میں اس سلسلہ میں ایف بی آر ، وزارتِ داخلہ کے ساتھ مل کر مربوط پالیسی بنانے کا بھی فیصلہ کیاگیاتاکہ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کے پروجیکٹ کو کامیاب بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے متعدد ٹی وی چینلز پر ڈرامائی تمثیل کاری کے پروگراموں میں قتل، ڈکیتی اور خودکُشی جیسے مناظر دکھانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ ریپ کیسز کے حوالے سے متاثرہ شخص کی تصاویر ، نام اور اس کے رشتہ داروں کی شناخت ظاہر کرنے کے رجحان اور ایسے متاثرہ اشخاص یا اُسکے فیملی ممبرز کے ساتھ ٹی وی شوز کرنے کے رجحان کا بھی سخت نوٹس لیا۔

کیمرا، مائیک پکڑ کر چادر چاردیواری کی پامالی کے بڑھتے ہوئے واقعات پربھی تشویش کا اظہار کیاگیا۔ اتھارٹی نے یہ ہدایات بھی جاری کیں کہ ایک جامع پالیسی کے تحت ایسے تمام پروگرام بریکنگ نیوز، ٹکرز، تصاویر وغیرہ کے بارے میں پیمرا قوانین پر سختی سے عملداآمد کروایا جائے۔ چیئرمین پیمرا ابصار عالم کے زیرِ صدارت اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و نشریات عمران گردیزی، سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیونثار محمد خان، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ، شاہین حبیب اﷲ(ممبر خیبرپختونخوا)اور نرگس ناصر (ممبر پنجاب) نے شرکت کی۔ اتھارٹی کا آئندہ اجلاس پیر 23مئی 2016؁ء کو پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔

متعلقہ عنوان :