ضلعی انتظامیہ نے رمضان پلان تیار کر لیا ،متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ،ڈی سی اواٹک رانا اکبر حیات

بدھ 18 مئی 2016 19:49

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 مئی۔2016ء)ڈی سی اواٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے حوالے سے رمضان پلان تیار کر لیا ہے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں - انہو ں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی او آفس اٹک میں رمضان بازار کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا -اجلاس میں اے ڈی سی اٹک اکرام الحق, ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز , ای ڈ ی اوز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے جارہے ہیں جہاں پر اشیاء ضروریہ ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی -ان اشیاء ضروریہ میں وہ تمام اشیاء شامل ہیں جن کی ضرورت سحر و افطار میں ہوتی ہے - اس کے علاوہ رمضان بازاروں میں فیئر پرائس شاپس , سستے آٹے کا سٹال اور گرین چینل کی سہولت بھی موجود ہوگی -ڈی سی او اٹک نے کہاکہ اس کے علاوہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کا بھی علیحدہ سٹال لگایا جا ئے گا جو عوامی سہولت فراہم کرئے گا اجلاس میں رمضان پلان کے حوالے سے تفصیلی بحث عمل میں لائی گئی اور تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران اپنے فرائض بخوبی سرانجام دیں تاکہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں-اجلاس میں ضلع بھر کے رمضان بازاروں کو فول پروف سیکورٹی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے -ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال بھی رمضان المبارک میں مدنی دستر خوان اور رمضان دستر خوان کا اہتمام کیا جائے گا جہاں سے روزہ دار سحر و افطار کے وقت مستفید ہو سکیں -اس کے علاوہ ضلع بھر کے عوامی مقامات پر بھی خصوصی دستر خواں لگائے جائیں گے -انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران این جی اوز اور دیگر مخیر افراد بھی تعاون کریں گے -اجلاس میں موجود تمام متعلقہ افسران نے اپنے محکمے سے متعلق رمضان پلان پر بریفنگ دی اور اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ رمضان المبارک کے حوالے سے تمام تیاریاں ہر لحاظ سے مکمل ہیں -اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں رمضان بازار کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں تاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے کیئے جانے والے اقدامات کا فائدہ عام آدمی تک پہنچ سکے -