پالیسی کا نفاذ،تکنیکی ترقی اور مالی انقلاب پاکستان میں تیزی اور سماجی ترقی لاسکتے ہیں،ماہرین

ملک میں معاشی ترقی کیلئے نجی شعبے اور انٹر پرینیورز کی حوصلہ افزائی کی اشد ضرورت ہے ،پاکستان اس وقت ترقی کی حکمت عملی پر گامزن ہے اس کیلئے ہمیں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ہوگا،تقریب سے خطاب

بدھ 18 مئی 2016 19:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) شیمراک کانفرنسز کے تحت نویں پاکستان ٹیلی کون 2016کا انعقاد گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں ٹیلی کام اور آئی ٹی سیکٹر کے نامور ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سماجی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کی تیزی کیلئے پالیسی کے نفاذ،تکنیکی ترقی اور مالی انقلاب کی ضرورت پر زور دیا۔

پی ٹی اے کے چیئرمین سید اسماعیل شاہ نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ ملک میں معاشی ترقی کیلئے نجی شعبے اور انٹر پرینیورز کی حوصلہ افزائی کی اشد ضرورت ہے ،پاکستان اس وقت ترقی کی حکمت عملی پر گامزن ہے اور اس کیلئے ہمیں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ہوگا۔انقلابی ٹیکنالوجی کے چیلنجز کی تھیم پر مبنی اس کانفرنس میں ریگو لیٹری و ٹیکنالوجی اور پینل ڈسکشن پر مبنی دو سیشنز کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ندیم حسین نے اپنے نئے منصوبے پلانیٹ این گروپ کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ایسے صارفین جو کہ اس وقت بینکنگ نیٹ ورک میں موجود نہیں ہیں انہیں بینکنگ نیٹ ورک میں لانے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو سستے اسمارٹ فونز کی فراہمی سے بینکنگ نیٹ ورک میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔نیا ٹیل کے سی ای او اور شریک پارٹنر وہاج سراج نے ریگولیٹری فریم ورک سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی کام اور آئی ٹی صنعت میں ترقی کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور یہی وقت ہے کہ ریگو لیٹرز اور نجی شعبہ آپس میں مل بیٹھ کر اس صورتحال سے فائدہ اٹھائیں۔

پاشا کے چیئرمین سید احمد نے پائریسی کو رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں پیمرا قوانین انتہائی پرانے ہوچکے ہیں اور پائریسی کی وبا آئی ٹی کی صنعت کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ٹیکنالوجی سے متعلق سیشن کی صدارت MOiTT, کے سابق مشیر سلمان انصاری نے کی اور اس سیشن میں ٹیکنالوجی کے نفاذ کے ذریعے شعبے میں نئے مواقعوں کا جائزہ لیا گیا۔ٹیلی نار پاکستان کے ڈپٹی سی ای او عرفان وہاب خان نے پاکستان میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مضبوط کرنے والی حیرت انگیز پراڈکٹ سے متعلق اظہار خیال کیا ،اس موقع پر دو وزیٹنگ ٹیکنالوجی اسپیشلسٹ Damian Bethke, اور Oguz Kuchkbarak, نے بھی اظہار خیال کیا۔

پاشا کی صدر جہاں آرا نے “ICT Entrepreneurship for Social Impact” پینل سیشن کی صدارت کی جس کے دیگر شرکاء میں عاصم شہریار حسین،شاہدہ سلیم ،محمد نصر اﷲ اور جنید اقبال شامل تھے۔قبل ازیں اسقبالیہ خطبے سے خطاب کرتے ہوئے شیمراک کانفرنسز انٹرنیشنل کے چیئرمین Menin Rodriguesکا کہنا تھا کہ ٹیلی کام سے متعلق قومی پالیسی وقت کے مطابق تبدیل کرنے کی روش اپنانی ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :