نیب ٹیم کی دفتر خارجہ کے گرفتار ڈائریکٹرشفقت چیمہ کے گھر اور دفتر کی تلاشی ، رہائشگا ہ سے کروڑوں روپے مالیت کے نوادرات اور جائیداد کے کاغذات بر آمد، دفتر سے کیس سے متعلق اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں

ملکی و غیر ملکی بینک اکاؤنٹس کو منجمدکرنے کیلئے کارروائی شروع

بدھ 18 مئی 2016 18:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) نیب راولپنڈی کی ایک ٹیم نے دفتر خارجہ کے گرفتار ڈائریکٹرشفقت چیمہ کے گھر اور دفتر کی تلاشی لی،گھر سے کروڑوں روپے مالیت کے نوادرات اور جائیداد کے کاغذات جبکہ دفتر سے کیس سے متعلق اہم دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں،وزارت خارجہ میں ملزم کی موجودگی میں اسکے دفتر کی تلاشی لی گئی اور شفقت چیمہ کے ماتحت عملے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

(جاری ہے)

بدھ کو ذرائع کے مطابق نیب کی ایک ٹیم نے غیر قانونی طریقے سے کروڑوں روپے کے اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر شفقت چیمہ کے دفتر کی تلاشی لی اور کیس میں مطلوب اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں، دوران تلاشی نیب کی ٹیم نے شفقت چیمہ کو بھی اپنے ساتھ رکھا اور ملزم کی نشاندہی پر دستاویزات قبضے میں لی گئیں، ملزم کی موجودگی میں ان کے عملے کے بیانات بھی ریکارڈ کئے گئے۔ واضح رہے کہ شفقت چیمہ کے گھر کی بھی تلاشی لی جا چکی ہے اور گھر سے کروڑوں روپے مالیت کے نوادرات اور جائیدادکے کاغذات قبضے میں لئے گئے ہیں جبکہ ملزم کے ملکی و غیر ملکی بینک اکاؤنٹس کو منجمدکرنے کیلئے بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :