خورشید شاہ نے واضح کر دیا کہ وزیراعظم کی تقریر کے بعد اپوزیشن کا احتجاج نہ واک آؤٹ تھا، نہ بائیکاٹ اور نہ ہی کیٹ واک

وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے خطاب کے بعدمختصر اظہار خیال پرویز رشید کے کیٹ واک کے الفاظ پر ایوان میں اپوزیشن کا شور شرابہ، سپیکر کی خاموش رہنے کی تاکید

بدھ 18 مئی 2016 18:48

ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اچھا ہوا کہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے واضح کر دیا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر کے بعد اپوزیشن نے جو کیاوہ نہ واک آؤٹ تھا، نہ بائیکاٹ اور نہ ہی کیٹ واک، خورشید شاہ نے ایوان میں جو کچھ کہا اسے تسلیم کرتے ہیں،خان صاحب اپنا سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر تین دن پہلے پاکستان پہنچے اور آج وہ اسمبلی میں پہنچ گئے ہیں ۔

وہ بدھ کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے خطاب کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے ۔پرویز رشید نے کہا کہ قائد حزب اختلاف اور اپوزیشن کے دیگر اراکین کو خوش آمدید کہتا ہوں کہ مبارکباد دیتا ہوں کہ وہ ناصرف ہاس میں تشریف لائے بلکہ انہوں نے یہ صفائی بھی پیش کر دی جس کے بارے میں گزشتہ دو روز سے ٹیلی ویژن پر مختلف اندازے پیش کئے جا رہے ہیں کہ یہ واک آٹ تھا یا بائیکاٹ اور اگر یہ واک آٹ تھا تو قائد حزب اختلاف کے نہ کہنے کے باوجود کیا گیا لیکن اب اچھا ہوا کہ قائد حزب اختلاف نے بہت کھل کر اس کی وضاحت کر دی کہ نہ یہ واک آٹ تھا نہ بائیکاٹ تھا اور نہ کیٹ واک تھی۔

(جاری ہے)

پرویز رشید کی جانب سے کیٹ واک کہے جانے پر اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا جس پر سپیکر نے سب کو چپ رہنے کی تنبیہ کی تاہم بعد ازاں خورشید شاہ نے کہا کہ یہ کیٹ واک تو نہیں تھا، البتہ پانامہ واک تھی۔پرویز رشید نے کہا کہ جیسے وزیراعظم نواز شریف ایوان میں تشریف لائے اور اپنی بات کہی اور پھر اپوزیشن کی بات سننے کیلئے بیٹھے رہے بلکہ ہم سب بھی بیٹھے رہے اور منتظر تھے کہ یہ لوگ بات کریں گے اور ہم سنیں گے لیکن ایسا کچھ نہ ہوا، البتہ یہ تین دن کے بعد آج تشریف لائے تو آج بھی ہم ان کی بات سننے کیلئے بیٹھے ہوئے ہیں ۔

اس کے ساتھ ہی ہماری یہ خواہش بھی ہے کہ جب یہ اپنی تقاریر مکمل کر لیں تو بھلے سے ہی کہیں جانے سے 10 منٹ لیٹ ہو جائیں لیکن تشریف رکھیں اور ہماری بات بھی سن کر جائیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ ہمارا حق ہے کہ قائد حزب اختلاف کی تقریر کے بعد ہماری جانب سے تقریر کی جائے لیکن ان کی خواہش پر ان کے دوسرے اپوزیشن لیڈر کو تقریر کا موقع دینے کیلئے اپنے حق سے پیچھے ہٹ رہے ہیں کیونکہ انہیں بہت جلدی ہے۔

وہ اپنا سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر تین دن پہلے پاکستان پہنچے تھے اور آج وہ یہاں بھی پہنچ گئے ہیں اس لئے ہم انہیں بات کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی پرویز رشید نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ٹی وی چینل پر نشر ہونے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری تقاریر پی ٹی وی ناصرف نشر کر رہا ہے بلکہ دوسرے ٹی وی چینلوں کو کلین فیلڈ بھی دی گئی ہے تاکہ وہ بھی اسے نشر کر سکیں۔(رڈ)