Live Updates

سب کو ایک ہی تکڑی میں تلنا ہو گا،بلاتفریق احتساب کے حق میں ہیں،واویلا مچانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا‘حمزہ شہباز

اپنی آف شور کمپنی والے دوسروں پر الزام تراشی نہ کریں،عمران خان کو اسمبلی میں بات کرنا چاہیے تھی،2018 تک بحرانوں سے نجات پالیں گے،ملک محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے راہ پر گامزن رہے گا رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کا اندرون شہرکا دورہ،گھر منہدم ہونے سے متاثرہ خاندان کے لئے مالی امداد وعمرے کا اعلان

بدھ 18 مئی 2016 18:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سب کو ایک تکڑی میں تلنا ہو گا،بلاتفریق احتساب کے حق میں ہیں لیکن اپنی آف شور کمپنی رکھنے والوں کو دوسروں پر الزام تراشی نہیں کرنی چاہیے،عمران خان کے دائیں قرضہ معاف کرانے والے جہانگیر ترین اور بائیں قبضہ گروپ علیم خان کھڑے ہوتے ہیں ،126 دن تک دھرنے میں وقت ضائع کرنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا جبکہ سپریم کورٹ نے بھی جوڈیشل میں پی ٹی آئی کے تینوں الزام خارج کر دئیے۔

حمزہ شہباز اندرون شہر فاروق گنج میں گزشتہ ماہ گھر منہدم ہونے جانے سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ اس مرتبہ بھی واویلا مچانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا عمران خان کوپہلے دن ہی اسمبلی میں بات کرنا چاہیے تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا اور انشاء اﷲ 2018 میں پاکستان لوڈشیڈنگ اور دیگربحرانوں سے نجات پا چکا ہوگا۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ عوام نے کھیل تماشوں کے لئے مینڈیٹ نہیں دیا مسلم لیگی قیادت دل وجان سے پاکستان کی بہتری کے لئے کوشاں ہے جس کے مثبت اثرات بھی سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔اس موقع پر حمزہ شہباز نے گزشتہ ماہ گھر گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کے سربراہ زبیر رسول اور اس کی والدہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی اور ان دونوں کو عمرے پر بجھوانے کا اعلان کرنے کے علاوہ انہیں مالی امداد کا چیک بھی دیا۔صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن،ایم پی اے غزالی بٹ ،مسلم لیگ (ن) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات عمران علی گورائیہ اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات