احتساب عدالت نے وزارت خارجہ کے سینئر ڈائریکٹر شفقت علی چیمہ کو 12 روزہ ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 مئی 2016 17:38

احتساب عدالت نے وزارت خارجہ کے سینئر ڈائریکٹر شفقت علی چیمہ کو 12 روزہ ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18مئی۔2016ء) احتساب عدالت نے وزارت خارجہ کے سینئر ڈائریکٹر شفقت علی چیمہ کو 12 روزہ ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں دے دیا۔شفقت چیمہ کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں نیب نے ملزم کے 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم جج محمد بشیر نے ملزم کو 12 روزہ ریمانڈ پر بیورو کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

اس سے قبل نیب نے شفقت علی چیمہ کے گھر پر چھاپے کے دوران قیمتی نوادرات، سونا اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق دستاویزات برآمد کی تھیں۔نیب راولپنڈی ڈویژن کے ترجمان کے مطابق شفقت چیمہ کے گھر پر نیب اور پولیس کے مشترکہ چھاپے کے دوران سری لنکا اور بھوٹان کی قیمتی نوادرات، ہاتھی دانت اور سونے کے ساتھ ساتھ عقاب بھی برآمد کیے گئے۔

(جاری ہے)

نیب نے مجموعی طور پر قیمتی سامان کے 21 کارٹن اپنے تحویل میں لیے۔

ان کے گھر سے انسانی اسمگلنگ سے متعلق دستاویزات بھی ملیں جبکہ نیب نے شفقت چیمہ کی لاکھوں روپے مالیت کی او ڈی کار بھی تحویل میں لے لی۔واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک کارروائی کے دوران وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر شفقت علی چیمہ کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد وزارت خارجہ میں قائم ان کے دفتر پر چھاپا مار کر ان سے متعلق تمام ریکارڈ بھی اپنی تحویل میں لیا گیا تھا۔

شفقت چیمہ کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے اور زائد اثاثے بنانے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔مذکورہ الزامات کے حوالے سے ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔عدالت کو بتایا گیا ہے کہ شفقت علی چیمہ نے آمدن سے زائد کروڑوں روپے کے اثاثے بنائے اور انسانی سمگلنگ میں بھی ملوث رہے۔ ملزم کے اکاونٹ سے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے جبکہ گھر سے قیمتی نوادرات بھی برآمد ہوئے۔دوسری جانب نیب ٹیم ملزم کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچی اور حکام سے ملزم کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔ نیب کی تفتیشی ٹیم نے ملزم کے زیراستعمال سامان بھی قبضے میں لے لیا۔

متعلقہ عنوان :