وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی درخواست پر بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بھیجی گئی سمری کو منظور کرلیاہے،وزیربلدیات سندھ

ایف بی آر کی جانب سے ڈی ایم سیز کے اکاؤنٹس سے تنخواہوں کی رقوم کو منہا کرنے کے بعد کراچی میں صفائی ستھرائی کی خراب حالت کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے،جام خان شورو

بدھ 18 مئی 2016 17:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان کی خصوصی درخواست پر بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے بھیجی گئی سمری کو منظور کرلیا ہے اور آئندہ دو روز میں ان ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوجائے گی۔ ایف بی آر کی جانب سے ڈی ایم سیز کے اکاؤنٹس سے تنخواہوں کی رقوم کو منہا کرنے کے بعد کی صورتحال اور بالخصوص کراچی میں صفائی ستھرائی کی خراب حالت کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔

پیپلز پارٹی نے کبھی مزدوروں کو اکیلا نہیں چھوڑا اور نہ چھوڑے گی، اور نہ ہی ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ کا انتہاہی مشکور ہوں کہ جنہوں نے ایف بی آر کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں کی رقوم بینکوں سے منہا کرکے جو بحران پیدا کیا تھا اس کو انہوں نے ختم کیا ہے اور خصوصی طور پر میری جانب سے ان ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے خصوصی فنڈز کے لئے بھیجی گئی سمری کو منظور کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ سمری کی منظوری کے بعد اب ان ملازمین کو آئندہ دو روز میں تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائے گی۔ انہوں نے ملازمین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنا حق ادا کرتے ہوئے شہر میں صفائی ستھرائی اور گذشتہ دنوں کی ہڑتال کے بعد کی صورتحال پر اپنا کردار ادا کریں اور شہر کو صاف ستھرا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے تمام جائز مطالبات اور ان کے حق کے لئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔