بیجنگ گیمز سیمپلز کی دوبارہ جانچ کے بعد ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے ایتھلیٹس پر ریو اولمپکس گیمز کیلئے پابندی عائد کی جا سکتی ہے،آئی او سی

بدھ 18 مئی 2016 16:41

لندن ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے کہا ہے کہ 2008ء میں منعقدہ بیجنگ گیمز سیمپلز کی دوبارہ جانچ کے بعد ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے ایتھلیٹس پر ریو اولمپکس گیمز کیلئے پابندی عائد کی جا سکتی ہے، بیجنگ گیمز سیمپلز کی دوبارہ جانچ پڑتال کے بعد چھ مختلف کھیلوں کے 31 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس نے آئی او سی کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے اور اسی وجہ سے آئی او سی نے بھی ریو گیمز سے قبل سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی او سی صدر تھامس باخ نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے منعقدہ گیمز کے سیمپلز کے دوبارہ ٹیسٹ کے بعد درجنوں ایتھلیٹس پر ریو اولمپکس گیمز کیلئے پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے 2008ء بیجنگ اور 2012ء لندن اولمپکس گیمز کے سیمپلز کی ازسرنو جانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ریو گیمز سے دھوکے باز ایتھلیٹس کو دور رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھلیٹس کے دوسرے سیمپل یا بی سیمپل کے ٹیسٹ لینے تک ہم ایتھلیٹس کے نام ظاہر نہیں کر سکتے۔