مالدار لوگوں کو اسمبلیوں میں آنا ہی نہیں چاہیے‘ درمیانے طبقے کے وہ لوگ آئیں جو لوگوں کے مسائل حل کر سکیں‘ اپوزیشن کا کام حکومت گرانا نہیں اس کی سمت درست کرنا ہے

عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال

بدھ 18 مئی 2016 16:39

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ مالدار لوگوں کو اسمبلیوں میں آنا ہی نہیں چاہیے‘ درمیانے طبقے کے وہ لوگ پارلیمنٹ میں پہنچیں جو لوگوں کے مسائل حل کر سکیں‘ اپوزیشن کا کام حکومت گرانا نہیں بلکہ حکومت کی سمت درست کرنا ہوتی ہے‘ جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کو سوچنا چاہیے، یہ پاکستان کی اساس کے ساتھ غداری ہوگی۔

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر دونوں اطراف سے الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔ ماضی میں سب کچھ تھا مگر کرپشن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے سب کو پلاٹ دیئے مگر خود پلاٹ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

اب لوگ لندن‘ پیرس‘ سوئٹزرلینڈ اور امریکہ میں گھر بنانے کے خواہشمند ہیں۔

ہم سب کو قبر کی فکر کرنی چاہیے۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر ٹی او آرز بن رہے ہیں۔ مالدار لوگوں کو اسمبلیوں میں آنا ہی نہیں چاہیے۔ درمیانے طبقہ کے لوگ آنے چاہئیں جو لوگوں اور ملک کے مسائل حل کر سکیں۔ سیاست خدمت اور عبادت تھی مگر اب سیاست اور کرپشن کا نام ایک ساتھ لیا جاتا ہے۔ اپوزیشن کا کام حکومت گرانا نہیں بلکہ حکومت کی سمت درست کرنا ہوتا ہے۔ غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کو سوچنا چاہیے کہ یہ پاکستان کی اساس کے ساتھ غداری ہوگی۔