عوامی مسائل مقامی کے حل میں تاخیری حربے استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو گی، اے ایس پی فاروق احمد بجارانی

بدھ 18 مئی 2016 16:32

رحیم یار خان ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) اے ایس پی رحیم یارخان فاروق احمد بجارانی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل مقامی طور پر حل نہ کرنے اور تاخیری حربے استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود سے آئے ہوئے سائلین کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں تھانوں اور پولیس چوکیوں کی شکل میں پولیس کا نیٹ ورک اس لئے پھیلایا گیا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ عوامی کی شکایات کا موقع پر اور مقامی سطح پر ازالہ ہو سکے اگر ایسا نہیں ہو رہا تو اس میں رکاوٹ وہ اہلکار ہیں جو ان مقامات پر تعینات کئے گئے ہیں اور وہ اپنے فرائض ان کی روح کے مطابق سر انجام نہیں دے رہے اس لئے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے پاس آنے والی شکایات کا ریکارڈ مرتب کروائیں گے اور جس تھانہ یا پولیس چوکی کی حدود سے زیادہ شکایات موصول ہوں گی تو وہ ان کی انکوائری کروائیں گے کہ وہاں تعینات اہلکاروں نے مقامی سطح پر ایک ماہ میں کتنے عوامی معاملات نمٹائے اور کتنے سائلین دیگر اتھارٹیز کے پاس گئے اور کیوں اگر اس سلسلہ میں اہلکاروں کی کارکردگی وجہ ثابت ہوئی تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر پولیس سے متعلقہ شکایات سنی اور ان کے ازالہ کے لئے احکامات جاری کئے اور اس سلسلہ میں طلب کئے گئے اہلکاروں سے جواب طلب کیا ۔