پیپلز پارٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے گوشواروں کی تفصیلات کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا

وزیراعظم اور ان کے خاندان کے 1990ء سے لے کر 2013ء تک کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں

بدھ 18 مئی 2016 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2016ء) پیپلز پارٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے گوشواروں کی تفصیلات کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا،وزیراعظم اور ان کے خاندان کے 1990ء سے لے کر 2013ء تک کے اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔بدھ کو پیپلز پارٹی کے رہنماء نیئر حسین بخاری اور لطیف کھوسہ نے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے گوشواروں کی تفصیلات کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکر دی۔

(جاری ہے)

درخواست میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور کیپٹن(ر)صفدر کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ معلومات تک رسائی کیلئے قانون کے ایکٹ کے تحت 1990ء سے لے کر 2013ء تک کی تفصیلات فراہم کی جائیں، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان نے اپنی تفصیلات میں اثاثے چھپائے ہیں، اثاثے چھپا کر وزیراعظم نے عوام اور ریاستی اداروں سے جھوٹ بولا ہے، پانامہ لیکس کے ذریعے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا جھوٹ سامنے آیا ہے، مذکورہ افراد کی تفصیلات فراہم کی جائیں، تا کہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے ، وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کا پانامہ اثاثوں پر موقف میں تضاد جھوٹ کو ظاہر کرتا ہے، وزیراعظم کے کچھ اہل خانہ نے پانامہ پیپرز میں ظاہر ہونے والے اثاثوں کوتسلیم کیا،چیف الیکشن کمشنر کے نام دی گئی درخواست میں وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف ضابطہ فوجداری ، اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ اور کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔